اسلام آ باد (صباح نیوز) وزارت داخلہ نے گزشتہ 5سال میں بلاک کیے گئے شناختی کارڈز کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردیں۔ قومی اسمبلی اجلاس کے وقفہ سوالات میں وزارت داخلہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 5سالوں کے دوران کل 71ہزار 849 شناختی کارڈز بلاک کیے گئے۔وزارت داخلہ کے مطابق خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ 25 ہزار 981شناختی کارڈز بلاک کیے گئے،
پنجاب میں 13 ہزار سے زائد، سندھ میں 9 ہزار 677 اور بلوچستان میں 20 ہزار 583 شناختی کارڈز بلاک کیے گئے۔ وزارت داخلہ نے مزید بتایا کہ اسلام آباد میں 1370، گلگت بلتستان 228 اور آزاد کشمیر میں 446 شناختی کارڈز بلاک کیے گئے۔ وزارت داخلہ کے مطابق گزشتہ 5سالوں کے دوران پورے پاکستان میں 44ہزار 460شناختی کارڈز ضروری تصدیق کے بعد ان بلاک کیے گئے ہیں، اور 13ہزار 618بلاک شناختی کارڈز ابھی تک زیر تفتیش ہیں۔