اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران امریکہ میں موجود ڈاکٹرفوزیہ صدیقی کی امریکی سفیر سے ملاقات کرانے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔عدالت کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کے عافیہ صدیقی کی رہائی کے خط پر امریکہ کی جانب سے تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ آئندہ ہفتہ اس کیس کے لیے اہم ہو سکتا ہے اور وزارت خارجہ کو ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کی۔عدالت کو بتایا گیا کہ بیس دسمبر کو وزیراعظم کے بیرون ملک دوروں کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دیا گیا تھا لیکن سیکرٹری خارجہ کے چین میں موجود ہونے کے باعث تفصیلات پیش نہیں کی جا سکیں۔
وزارت خارجہ کے نمائندے نے مزید وقت کی درخواست کی جس پر عدالت نے اگلے ہفتے تک تفصیلات جمع کرانے کی مہلت دے دی۔وکیل عمران شفیق نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی امریکہ پہنچ چکی ہیں تاہم ان کی پاکستانی سفیر سے تاحال ملاقات نہیں ہو سکی۔عدالت نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی کہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی امریکی سفیر سے ملاقات یقینی بنائی جائے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت چوبیس جنوری تک ملتوی کر دی۔