اسلام آباد (صباح نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بیگم نجمہ حمیدمرحومہ کے گھر جاکر ان کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے رکنِ قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب، وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب اور سوگوار خاندان کے دیگر افراد سیدلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
اسپیکر نے کہا کہ بیگم نجمہ حمید ایک مخلص، غریب پرور اور باوقار سیاسی رہنما تھیں۔ ان کی جہموریت کیلیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزیدکہا کہ ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا تادیر پر نہیں ہوسکے گا۔ اسپیکر نے اللہ تعالی سے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔
ادھر چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی بھی سینیٹرز کے ہمراہ سابقہ سینیٹر نجمہ حمید کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کیلئے انکی رہائشگاہ پہنچے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹر نجمہ حمید کے انتقال کی خبر سن کر دلی دکھ ہوا۔ مرحومہ کی سیاست کے میدان میں خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ دکھ کی اس گھڑی میں سینیٹر نجمہ حمید کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومہ کی مغفرت اور درجات بلند کرے اور غمز دہ خاندان کو یہ صدمہ حوصلے اور صبر سے برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے۔ سینیٹرز افنان اللہ خان، نصیب اللہ بازئی، پرنس احمد عمر احمدزئی اور حاجی ہدایت اللہ خان بھی چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ تھے۔