کراچی(صباح نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے بین الاقوامی ایوارڈ یافتہ فلم جوائے لینڈ کے خلاف درخواست مسترد کر دی۔ فلم جوائے لینڈ کے خلاف درخواست سندھ ہائی کورٹ نے ابتدائی دلائل کے بعد مسترد کر دی۔
اس سے قبل فلم جوائے لینڈ کی سینما گھروں میں نمائش لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کی گئی تھی۔درخواست میں وفاقی حکومت، پیمرا، سینٹرل فلم سنسر بورڈ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔فلم جوائے لینڈ پر پابندی اور سوشل میڈیا سے مواد ہٹانے کے لیے پشاور ہائی کورٹ میں بھی رٹ دائر کی گئی ہے۔
عدالت نے پیمرا، پی ٹی اے اور ایف آئی اے کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے دو روز میں جواب طلب کیا ہے۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے فلم جوائے لینڈ کے خلاف شکایات پر غور کے لیے 8 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔
وزیر قانون کی سربراہی میں 8رکنی کمیٹی میں اطلاعات، مواصلات، سرمایہ کاری، آئی ٹی کے وزرا شامل ہیں۔مشیر برائے گلگت بلتستان، چیئرمین پی ٹی اے اور چیئرمین پیمرا بھی کمیٹی میں شامل ہیں، یہ کمیٹی فلم کی سماجی اور اخلاقی اقدار کے خلاف شکایات پر غور کرے گی۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی ایوارڈ یافتہ فلم جوائے لینڈ پاکستان میں ریلیز سے قبل تنقید کی زد میں آگئی تھی۔