ملک میں آئی ایم ایف کی حکومت ہے، سراج الحق


 اسلام آباد(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں آئی ایم ایف کی حکومت ہے، آٹا چینی اور دواؤں کے اسکینڈل میں وزیراعظم کے ساتھی ملوث ہیں، حکومتی کارکردگی کے خلاف 31 اکتوبر کو اسلام آباد میں بھرپور احتجاج ہوگا، طاقت کے ذریعے مسائل حل نہیں ہوتے ایسا کرنے والے پچھتاتے ہیں، سفیر کو نکالنا ناممکن تھا تو معاہدہ کیوں کیا گیا ۔

ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے  انہوں نے کہاکہ عوام کا مسئلہ مہنگائی ، بیروزگاری ہے جنہوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا وہ بھی رو رہے ہیں۔ پاکستان کے مسائل کا حل اسلامی قوانین  میں ہے۔ حکومت کو عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے چاہئیں۔ حکومت نے پہلے 100 دن پھر 6 ماہ مانگے تھے ۔3 سال میں بھی موجودہ حکومت کچھ نہیں کرسکی۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی ن لیگ اور پی ٹی آئی ایک گملے کے پودے ہیں۔ ن لیگ اور پیپلزپارٹی مسلسل اس حکومت کو سپورٹ کررہی ہے یہ دونوں جماعت اس حکومت کی سہولت کار ہیں ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے مل کر 31ہزار ارب قرضہ لیا اس حکومت نے اس کو آگے بڑھا کر 48 ہزار ارب تک پہنچا دیا ہے۔ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی غلامی تک یہ تینوں جماعتیں ایک ہیں ان کا اختلاف ذاتی مفادات اور نیب کے کیسز پر ہے۔ ان کے درمیان  اختلاف نظام پر نہیں ان تینوں جماعتوں میں فرق نہیں کرنا چاہیے۔ یہ گملے کے 3پودے ہیں ان کو لایا جاتا ہے جب جی بھر جاتا ہے تو پھر انہیں رخصت کیا جاتا ہے ۔ جماعت اسلامی پرامن احتجاج  کے حق میں ہے ۔جے آئی یوتھ 31 اکتوبر کو بڑا پروگرام کرے گی ملک میں نوجوانوں کی بڑی تعداد بیروزگار ہے۔ بیروزگار نوجوان اسلام آباد کی طرف  آنا چاہتے ہیں۔مارچ یا دھرنا نوجوان فیصلہ کریں گے ہم ان کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ طاقت کے ذریعے مسائل حل نہیں ہوتے ہم طاقت کے استعمال کے خلاف ہیں۔ گزشتہ رات شیخ رشید کا رویہ درست نہیں تھا۔ طاقت کا استعمال کرنے والے بعد میں پچھتاتے ہیں۔جلائو گھیرائو کی سیاست شیخ رشید نے شروع کی۔ ہم جلائو گھیرائو کی سیاست کے خلاف ہیں جماعت اسلامی پرامن احتجاج کے حق میں ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ معاملہ افہام وتفہیم سے حل ہو۔کنٹینر لگا کر سڑکیں بند کرنا ناکام پالیسی ہے۔ ملکی تاریخ کا طویل ترین دھرنا عمران خان نے دیا تھا۔ قائداعظم نے اسلام کے نام پر ہی پاکستان بنایا تھا۔ پاکستان کے مسائل کا حل اسلامی قوانین میں ہے ۔ ملک میں آزاد الیکشن  ہوں تو جماعت اسلامی کامیاب ہوگی۔ ملک کو آزاد اور شفاف الیکشن کی ضرورت ہے۔ ہم عوام کے سامنے متبادل  کے طورپر موجود ہیں ۔ ہمارا ایجنڈا خوشحال پاکستان ہے۔ جماعت اسلامی رنگ و نسل پر یقین نہیں رکھتی ہر مسلک کے لوگ جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں۔ ن لیگ ،پی پی اور پی ٹی آئی مافیاز کی ترجمانی کرتی ہیں۔ مولانا فضل الرحمن سے کہا تھا ان لوگوں کا ساتھ نہ دیں۔