کراچی کے صارفین پر بھی بجلی گرا دی گئی، 9 روپے 52 پیسے فی یونٹ اضافہ


اسلام آباد(صباح نیوز)کراچی کے صارفین پر بھی بجلی گرا دی گئی، 9 روپے 52 پیسے فی یونٹ اضافہ، کراچی کیلئے بجلی مئی کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے، نیپرا نے کراچی کیلئے بجلی کی قیمت بڑھانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ مہنگائی کے ستائے عوام کے لئے ایک اوربری خبر۔ نیپرا نے مئی کے مہینے کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی 9 روپے 52 پیسے  فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔

اضافے کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا ۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے مئی کے مہینے کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی ۔ نیپرا اعلامیے کے مطابق  کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں  9روپے 52 پیسے   فی یونٹ اضافے کی منظوری دی گئی ۔ کے الیکٹرک صارفین سے مئی کا ایف سی اے2   ماہ میں وصول کیا جائے گا۔ جولائی میں صارفین سے 2 روپے 63 پیسے جبکہ اگست میں 6 روپے 89 پیسے چارج کیا جائے گا۔کے الیکٹرک نے 11روپے 34 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔