کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی کے تحت اسرائیلی دہشت گردی وجارحیت کیخلاف اور اہل غزہ و فلسطین سے بھرپور اظہار یکجہتی کے لیے مین سی ویو روڈ پر ہونے والا عظیم الشان ”غزہ مارچ” کراچی کی تاریخ میں ساحل سمندر پر اپنی نوعیت کا ایک منفرد اور تاریخی مارچ ثابت ہوا ، کراچی کے شہری شہر بھر سے اپنی فیملیز کے ہمراہ اپنی گاڑیوں ، کوچوں اور سوزوکیوں اور نوجوان موٹر سائیکلوں کے ذریعے سی ویو روڈ پر پہنچے۔ شرکاء نشان حیدر پارک میں جمع ہوئے اور امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی قیادت میں مارچ کیا گیا ۔مارچ میں ہزاروں مرد و خواتین ،نوجوان ، بچے و بزرگ ،سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد شریک تھے ۔شرکاء میں زبردست جوش وخروش موجود تھا جس کا اظہار انہوں نے پرجوش نعروں سے کیا ۔ شرکاء نے ہاتھوں میں امریکہ واسرائیل کی مذمت ، اقوام متحدہ ،مغربی ممالک اور عالم اسلام کے حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت و خاموشی کے خلاف پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے ۔ اسٹیج سے لگنے والے نعروں اور فلسطینی ترانوں کے دوران شرکاء کی جانب سے فلسطینی جھنڈے لہرائے گئے جس سے ساحل سمندر ایک قابل دید منظر پیش کررہا تھا ۔
سی ویو روڈ پر سڑک کے کنارے اور فٹ پاتھ پر بڑی تعداد میں اسٹینڈی بینرز اور پلے کارڈز کے بورڈلگائے گئے تھے جس پر فلسطینی شہداء ،خواتین اور بچوں پر اسرائیلی بمباری کے حوالے سے تصاویر لگائی گئی تھیں ۔قائدین کے خطاب کے لیے ایک بڑے ٹرک پر اسٹیج بنایا گیا تھا ۔ اسٹیج پر موجود منعم ظفر خان سمیت تمام قائدین اور مارچ کے شرکاء نے مخصوص فلسطینی رومال پہنے ہوئے تھے جبکہ خواتین نے فلسطینی رومال والے اسکارف اوڑھے ہوئے تھے ۔
مارچ کے دوران فلسطینی جھنڈے اور قومی پرچم کے رنگوں والے غبارے ہوا میں بلند کیے گئے جن پر فلسطین کا جھنڈا لہرا رہا تھا ۔شرکاء نے فلسطینی جھنڈے اور ہاتھ لہرا کر یکجہتی کا اظہار کیا۔مارچ میں گھڑ سوار دستے نے بھی شرکت کی جنہوں نے سفید رنگ کی شرٹ اور فلسطینی رومال پہنے ہوئے تھے ۔ گھڑ سوار دستے میں خواتین بھی شامل تھیں ۔ٹریفک کنڑول کرنے کے لیے نوجوانوں کی ذمہ دارای لگائی گئی تھی ۔منعم ظفر خان نے اپنی تقریر کے بعد اسٹیج سے Free Free Palistine ,From the river to the sea Palistine will be freeکے نعرے لگوائے ،شرکاء نے ہاتھ اٹھاکر نعروں کا جواب دیا ۔ مسلم پرویز نے مارچ کے اختتام پر دعا کروائی ۔