اسرائیل کے غزہ پرحملے، 24 گھنٹوں میں28 فلسطینی شہید ،89زخمی


غزہ (صباح نیوز) اسرائیل کے  غزہ پر فضائی حملے جاری ہیں تازہ حملوں میں مزید 28فلسطینی شہید ہوگئے۔فلسطین کی وزارت صحت، غزہ کے مطابق، اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ آج 464ویں دن بھی جاری ہے۔ انسانی جانوں کا ضیاع اور معصوم بچوں سمیت بے گناہ افراد کی شہادت دنیا بھر کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے اعداد و شمارکے مطابق اسرائیلی قابض افواج نے 2بڑے حملے کیے، جن میں سے 28شہدا اور 89زخمی اسپتالوں تک پہنچائے گئے۔

امدادی ٹیمیں اب بھی ملبے تلے دبے افراد تک پہنچنے سے قاصر ہیں، جس سے مزید جانوں کے نقصان کا خطرہ ہے۔ 7اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں46ہزار 565فلسطینی شہید، 1 لاکھ 9 ہزار 660زخمی ہوچکے ہیں۔

یہ اعداد و شمار صرف تعداد نہیں بلکہ ہر ایک شہید اور زخمی ایک خاندان کی امیدوں اور خوابوں کا خاتمہ ہے۔ یہ وقت خاموش رہنے کا نہیں، بلکہ ظلم کے خلاف اٹھنے اور مظلوم فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کرنے کا ہے۔فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے دعا کریں۔ہر ممکن پلیٹ فارم پر ان کے حق میں آواز اٹھائیں۔دنیا کو یہ باور کرائیں کہ انسانیت کے خلاف یہ مظالم ناقابل قبول ہیں۔فلسطین زندہ رہے گا، اور ظلم کی سیاہ رات ختم ہوکررہے گی۔