اسلام آباد(صباح نیوز) حکومت اور اپوزیشن مذاکرات کے درمیان تلخیاں اور سیاسی کشیدگی کے خاتمے میں سپیکر سردار ایاز صادق کلیدی کردار ادا کررہے ہیں۔ ترجمان قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی مذاکرات کے حوالے سے آبزرویشنز جاری کردیں۔ ترجمان قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے کہا ہے کہ اسپیکر آفس کے دروازے تمام اراکین پارلیمنٹ کیلئے 24گھنٹے کھلے ہیں۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے متعدد مواقع پر حکومت اور اپوزیشن کو تعمیری اور مثبت بات چیت کی تجویز دی۔ سردار ایاز صادق نے گزشتہ اجلاس میں باقاعدہ رولنگ کے ذریعے سپیکر آفس کے دروازے تمام اراکین کیلئے کھولنے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایاز صادق نے حکومت سے زیادہ اپوزیشن کو وقت دینے کی نہ صرف بات کی بلکہ اس پر عمل بھی کیا، سپیکر قومی اسمبلی افہام و تفہیم کے ساتھ مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالنے پر یقین رکھتے ہیں،
سردار ایاز صادق نے ہمیشہ ایک دوسرے کو عزت دینے کی بات کی، سپیکر قومی اسمبلی اب بھی خلوص نیت سے مذاکرات میں سہولت کاری کررہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ یہ سپیکر کی ہی کامیابی ہے کہ ایک دوسرے سے ہاتھ نہ ملا نے والے آج ایک میز پر بیٹھے ہیں، حکومت اور اپوزیشن دونوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ سپیکر کی سہولت کاری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک کی بہتری کیلئے کام کریں، سپیکر نے ایک فورم فریقین کو فراہم کردیا ہے اور وہ ان مذاکرات کی کامیابی چاہتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق اسپیکر آفس اور ان کا اسٹاف اراکین کا کوئی بھی پیغام ان تک لازمی پہنچاتا ہے۔بعض اوقات اسپیکر حلقے یا میٹنگ میں ہوتے ہیں، بعض اوقات موبائل فون ان کے پاس نہیں ہوتا ایسے میں اراکین پارلیمنٹ کا اگر ان سے براہ راست رابط نہ ہو تو اسپیکر آفس کے ذریعے رابط کریں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اسپیکر کے پیغام کے بعد اڈیالہ جیل میں مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات کا اہتمام کیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی کے اس اقدام کو حکومت اور اپوزیشن دونوں نے سراہا ہے، جس سے ان کی غیر جانبداری اور مصالحتی کردار کا واضح اظہار ہوتا ہے۔ حکومت نے اتوار کو دوپہر اڑھائی بجے کمیٹی کی ملاقات کے بارے میں اسپیکر آفس کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا۔ یہ اطلاع اسپیکر آفس کی سہولت کاری کی اہمیت اور دونوں فریقین کی سنجیدگی کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے حکومت اور اپوزیشن دونوں کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلایا ہے کہ وہ اسپیکر آفس کی سہولت کاری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے کام کریں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے ایک فورم فراہم کیا ہے اور وہ ان مذاکرات کی کامیابی کے لیے پرعزم ہیں۔aw