صدر وزیراعظم کا 2مختلف کاروائیوں میں 9دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین


اسلام آباد (صباح نیوز) صدر مملکت آصف علی زر داری اور وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے دو مختلف کاروائیوں میں 9دہشتگرد ہلاک کرنے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیاہے۔ ایوانِ صدر کے پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ملک سے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی فورسز دہشتگردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے کارروائیاں کر رہی ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کیخلاف متحد ہے، دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کے متعلقہ افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ دہشتگردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کی اس جنگ میں مجھ سمیت پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکار اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ملک کی سلامتی کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں، پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔