اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہمیں لڑکیوں کی تعلیم میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے مل کر کام کرنا ہے ، ہماری حکومت لڑکیوں کی معیاری تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، ایک پڑھی لکھی خاتون بہتر انداز میں اپنے خاندان کی پرورش کرسکتی ہے۔ اتوار کو “مسلم معاشرے میں لڑکیوں کی تعلیم: چیلنجز اور مواقع کے موضوع پر دو روزہ عالمی کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر تعلیم کی حیثیت سے میں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہوں کہ پاکستان میں ہر بچے خواہ اس کی صنف، سماجی، اقتصادی پس منظر یا جغرافیائی محل وقوع کچھ بھی ہوکو معیاری تعلیم تک رسائی حاصل ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ بات تسلیم کرنا ہوگی کہ تعلیم کا لڑکیوں کو بااختیار بنانے، خوشحالی، ترقی اور بہبود کا اہم کردار ہے۔ بدقسمتی سے کچھ معاشرے اب بھی بچیوں کی تعلیم کے خلاف ہیں۔ بحیثیت قوم ہمیں ان معاشرتی اصولوں اور رویوں کو چیلنج کرنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم صرف ایک اخلاقی ضرورت نہیں بلکہ ایک اقتصادی ضرورت بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ لڑکیاں اچھی ملازمتوں کے مواقعوں کے ساتھ اپنے خاندانوں اور بچوں کی بہتر پرورش کرسکتی ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم کے حوالہ سے ہمیں چیلنجز کا سامنا ہے۔ لاکھوں لڑکیاں سکولوں سے باہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کو تعلیم کے حصول میں رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ہماری حکومت نے لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے کئی اقدامات شروع کیے ہیں جن کا مقصد سکولوں سے باہر لڑکیوں کی تعداد کو کم کرنا اور ملک بھر میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ پسماندہ اور دیہی علاقوں سمیت ملک بھر میں سکولوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے بھی کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے اساتذہ کی تربیت ، نئے سکولوں کی تعمیر اور طالبات کو وظائف کی فراہمی جیسے اقدامات پر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر ایسے معاشرے کی تعمیر کرنا ہوگی جہاں لڑکیوں کی معیاری تعلیم تک رسائی کویقینی بنایا جاسکے جس میں وہ اپنی صلاحیتوں کابھرپور مظاہرہ کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے والے والدین، اساتذہ اور کمیونٹی رہنمائوں کے کردار کو سراہنا چاہئے ۔
ہمیں لڑکیوں کی تعلیم میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ملکر کام کرنا ہے تاکہ تعلیم میں اس عدم مساوات کو ختم کیا جاسکے۔ وفاقی وزیرنے اس موقع پر لڑکیوں کی تعلیم کے لیے حکومت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں کہ ملک میں معیاری تعلیم تک ان کی رسائی کو یقینی بنایا جاسکے اور وہ اپنی قابلیت کی بنیاد پر اپنی زندگی میں آگے بڑھ سکیں۔