یحیٰ سنوار مزاحمت کا استعارہ اورنوجوانوں کے ہیرو ہیں،ڈاکٹرمعراج الہدیٰ

کراچی ( صباح نیوز)سابق نائب امیرجماعت اسلامی ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہاہے کہ یحیٰ سنوار مزاحمت کا استعارہ اورنوجوانوں کے ہیرو ہیںجوزندگی کی آخری سانس تک طاغوتی قوت سے لڑتے رہے۔السنوار کی چھڑی بڑے بڑے جوہری ہتھیاررکھنے والوں کے ایٹم بم سے زیادہ طاقتور ہے۔غزہ میں دنیا بھرکی طاقتور فوجیں اپنا اسلحہ وبارود استعمال کررہیں اوردوسری جانب نہتے ومظلوم فلسطینی ہیں جن کا اللہ مدد جذبہ جہاد اورشوق شہادت سے دشمن سے لڑ رہے ہیں۔انسانی حقوق کے ادارے اورعالمی ضمیرخاموش تماشائی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے احسن آباد میں جماعت اسلامی کے مقامی ذمے دار عبداللہ الہادی محمد کی رہائش گاہ پرمنعقدہ اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ ڈاکٹر عبداللہ متقی ودیگر مقامی ذمے داران بھی موجود تھے۔ان کا مزید کہنا تھاکہ جو سپرطاقتیں کہتی تھیں کہ یحیٰ سنوار بنکرزمیں چھپا ہوا ہے مگر اپنی سرزمین اورقبلہ آزادی کے لیے غزہ کے گلی کوچوں میں غاصب فوج سے مزاحمت کرتے ہوئے شہیدہونے والے حماس رہنما نے قابض وغاصب قتوں کے جھوٹ اورپوپگنڈے کو غلط ثابت کیا۔زندگی موت کی امانت ہے اور ہر شخص کو اس کا مزہ چکھنا ہے۔جن کے سامنے جنت اوررضائے الٰہی زندگی کا مقصد ہوتا ہے وہ اللہ کے سواکسی سے نہیں ڈرتے غزہ کے مظلوم مسلمانوں نے اپنی جدوجہد اورشہداء نے اپنی قربانیوں سے یہ بات ثابت کرکے دکھائی۔اس موقع پر عبداللہ الہادی محمد کی بڑی بہو کے انتقال  ودیگر مرحومین کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔