اپوزیشن کی گگلی پر حکومت کلین بولڈ ہوگی، حمزہ شہباز


لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے جتنی اننگز کھیلنی تھی کھیل لی، اب اپوزیشن گگلی کرے گی اور حکومت کلین بولڈ ہوگی،عمران نیازی بری طرح بے نقاب ہو گئے ہیں، جب جہاز میں لوگوں کو بھر کر لایا جاتا تھا تب عمران خان کو ضمیر کی آواز اچھی لگتی تھی۔

لاہور کی احتساب عدالت میں منی لانڈرنک کیس میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان جلسوں میں عجیب باتیں کرتے ہیں، انہیں پمز ہسپتال میں اپنا  میڈیکل چیک اپ کرانا چاہئے، عمران خان اپنی انا کے بت کو توڑ دیں، عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، ایوانِ صدر آرڈیننس فیکٹری بن گیا۔

انہوں نے کہا کہ جب جہاز میں لوگوں کو بھر کر لایا جاتا تھا تب عمران خان کو ضمیر کی آواز اچھی لگتی تھی، عمران نیازی آپ بے نقاب ہوچکے ہیں، جلسوں میں لوگوں کو تڑیاں لگاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب لانگ مارچ لاہور سے چلے گا تو آپ کو پتہ چلے گا کہ جلسہ کیا ہوتا ہے، تحریک عدم اعتماد بھاری ووٹوں سے کامیاب ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں واضح بات ہوئی کہ ہر ممبر کو ووٹ ڈالنے کا حق ہے، عارف علوی پاکستان کے صدر کم عمران خان کے یس مین بن چکے ہیں، وہ شریف آدمی ہیں لیکن قوم کو مایوس کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اوپر کے خانے کا میڈیکل چیک اپ ضروری ہے، پہلے عمران خان اپوزیشن کو للکارتے تھے اب دنیا کے کئی ممالک کو للکارتے ہیں۔