عالمی بینک سے پاکستان کو 10سال کے سی پی ایف کے تحت 20 ارب ڈالر کے وعدے کا خیر مقدم کرتے ہیں،شہبازشریف

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم عالمی بینک کے پاکستان کیلئے اپنے پہلے 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک(سی پی ایف)کے تحت 20 بلین ڈالر کے وعدے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 6 شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک ہماری قومی ترجیحات کی عکاسی کرتا ہے، ان شعبوں میں بچوں کی غذائیت، معیاری تعلیم، صاف توانائی، ماحولیاتی استحکام، جامع ترقی اور نجی سرمایہ کاری شامل ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ آرمی چیف اور اپنے ساتھیوں کی کاوشوں کو دل سے سراہتا ہوں، سی پی ایف ورلڈ بینک کے پاکستان کی معاشی استحکام اور صلاحیت پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ لوگوں کے لیے مواقع پیدا کرنے کے لیے کوششوں کو ہم آہنگ کرتے ہوئے شراکت مضبوط بنانے کے منتظر ہیں۔