لاہور(صباح نیوز)الخدمت منصورہ ٹیچنگ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بریگیڈیئر ریٹائرڈ ڈاکٹر سید ظفر حسین نے ا لخدمت منصورہ ٹیچنگ ہسپتال میں گائنی ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کے حوالے سے تقریب کے موقع میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت منصورہ ہسپتال گائنی میں مریضوں کو نہایت ارزاں نرخوں پر بہترین سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال2024 میں تقریبا 38 ہزار سے زائدمریضوں نے گائنی آٹ ڈور میں اپنا چیک اپ کروایا۔جن میں سے 2 ہزار سے زائد بچوں کی پیدائش ہوئی جو عوام کے اعتماد ظاہر کرتا ہے۔اس موقع پر انہوں نے گائنی ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسرز، کنسلٹنٹ، ڈاکٹرز، میڈیکل اور پیرا میڈیکل کو تعریفی اسناد بھی پیش کیں۔
اس تقریب میں میاں ذکر اللہ مجاہدایڈمنسٹریٹر،ڈاکٹرسید نثار احمد شاہ ڈی ایم ایس (ایڈمن)،ڈاکٹر محمد شفقت ڈی ایم ایس (کلینکل)،پروفیسر ڈاکٹر روبینہ قاسم HOD گائنا کالوجسٹ، ڈاکٹرعظمی آصف سینئر کنسلٹنٹ گائنا کالوجسٹ، اسسٹنٹ پروفیسرڈاکٹر وفا نجیب، اسسٹنٹ پروفیسرڈاکٹر آمنہ سلیم،سینئر رجسٹرار ڈاکٹر تنزیلہ سرفراز، سینئر میڈیکل آفیسر اور مینجر مارکیٹنگ محمد اویس سرورنے شرکت کی۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بریگیڈیئر ریٹائرڈ ڈاکٹر سید ظفر حسین کا مزید کہنا تھا کہ اس کے علاوہ ہسپتال کے گائنی کے حوالے سے دیگر تمام آپریشن بھی کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ الخدمت منصورہ ہسپتال میں گائنی ڈیپارٹمنٹ میں تمام سہولیات بمعہ نرسری موجود ہیں۔الخدمت منصورہ ہسپتال کا شعبہ گائنی میں مریضوں کو علاج کے ساتھ اس دورانیہ میں رہنمائی بھی فراہم کی جاتی ہے۔ مریضوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر ہسپتال کا گائنی ڈیپارٹمنٹ کے لئے ایک فلور کی اشد ضرورت ہے تاکہ مریضوں کو بروقت طبی سہولیات میسر ہو سکیں۔ انہوں نے اس موقع پراہل خیر سے اپیل کی ہے کہ اس خدمت کے کام میں ہمارا ساتھ دیں۔