قلقیلیہ میں فائرنگ ، 3 اسرائیلی ہلاک،متعدد زخمی

 قلقیلیہ (صباح نیوز)مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر قلقیلیہ  فائرنگ سے 3اسرائیلی ہلاک اورمتعدد زخمی ہو گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر قلقیلیہ سے اسرائیلی میڈیا نے فائرنگ کے ایک واقع کی اطلاع دی ہے۔

اس حملے میں 3 اسرائیلی باشندے ہلاک جبکہ دیگر متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق، فائرنگ کرنے والے دو فلسطینی جوان جائے وقوعہ سے بحفاظت فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے  ۔ واقعہ کی تفصیلات فی الحال محدود ہیں، تاہم یہ حملہ خطے میں جاری کشیدگی کا ایک اور مظہر ہے۔

   قلقیلیہ کے مشرق میں فائرنگ کا واقعہ اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ فلسطین مغربی کنارے میں مزاحمت قابض دشمن کے دہشتگردی اور سخت سکیورٹی اقدامات کے باوجود جاری ہے اور مزید جاری رہے گی۔  صبح قلقیلیہ کے مشرق میں واقع گائوں الفندق میں پیش آنے والا یہ فائرنگ کا واقعہ ایک جراتمندانہ ردعمل ہے، جو قابض دشمن کی جانب سے ہمارے عوام کے خلاف جاری جرائم، غزہ میں نسل کشی کی جنگ، مقبوضہ مغربی کنارے میں جبری نقل مکانی کے منصوبے، اور مسجد اقصیٰ و دیگر مقدسات کے خلاف قابض فوج اور آباد کاروں کی جارحیت، خاص طور پر انتہا پسند گروہوں کے اقدامات کے خلاف ہے۔

یہ کارروائی قابض حکومت اور اس کے انتہا پسند وزرا کے لیے واضح پیغام ہے کہ مغربی کنارے، غزہ، اندرونِ فلسطین اور پورے فلسطین میں ایک آزاد، بہادر اور انقلابی قوم موجود ہے جو اپنے حقوق سے کبھی دستبردار نہیں ہوگی۔ مزاحمت اس وقت تک جاری رہے گی جب تک قابض دشمن کو ہماری سرزمین سے مکمل طور پر نکال نہیں دیا جاتا۔ہم مزاحمت کو مزید تیز کرنے، قابض دشمن کے خلاف مزید موثر کارروائیاں کرنے، اور اپنی مقبوضہ سرزمین میں قابض فوج اور آباد کاروں کے لئے عدم تحفظ کی صورتحال پیدا کرنے اور ان کے توسیعی و جبری نقل مکانی کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی اپیل کرتے ہیں۔