ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کی زیر صدارت مرکزی مجلس عاملہ کے ارکان کا اجلاس کل منعقد ہوگا


لاہور (صباح نیوز) ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کی زیر صدارت (آج )سو موار کے روز مرکزی مجلس عاملہ کے ارکان کا اجلاس صاحبزادہ محمود قاسمی چیئرمین مرکزی علما کونسل کی میزبانی میں ختم نبوت اسلامک ریسرچ سنٹر نزد صحافی کالونی ہربنس پورہ میں منعقد ہوگا۔ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا  ہے کہ ملی یکجہتی کونسل اجلاس میں ملک میں نفاذ اسلام،سودی نظام کے خاتمے،اتحاد امت،کشمیر فلسطین مشرق وسطیٰ کی صورتحال پاکستان افغانستان ایران تعلقات، اور کرم کے حالات پر قائدین اظہار خیال فرمائیں گے۔

اجلاس میں ملی یکجہتی کونسل کے دستور میں ترامیم کا مسودہ، سالانہ پروگرامات کے شیڈول، صوبائی تنظیموں کے انتخابات کی رپورٹ سمیت مرکزی کمیٹی کے اجلاس کی سفارشات پیش کی جائیں گی اور اجلاس کے بعد ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر پریس کانفرنس کریں گے۔