سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمامیرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے بھارتی حکومت کی معاندانہ پالیسی ترک کرنے دینی سرگرمیوں پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ، جامع مسجد میں خطاب کرتے ہوئے میرواعط نے کہا کہ جمعتہ المبارک کا مقصد محض نماز کی ادائیگی ہی نہیں بلکہ اس ہفتہ وارعظیم اجتماع کا مقصد یہ ہے کہ میرواعظ کی حیثیت سے مجھے عوامی مشکلات اور شکایات کے ازالے کیلئے آواز اٹھانا میری منصبی ذمہ داری ہے جیسا کہ صدیوں سے مرکزی جامع مسجد کے منبر ومحراب سے میرواعظین کا طریق کار رہا ہے۔
اس منبر سے لوگوں کے دینی، سیاسی ، اقتصادی، ملی اور سماجی مسائل پر بات ہو تی رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ارباب اقتدار انکی ہر سرگرمی کو منفی انداز میں لیتے ہیں جبکہ اگر اس منبرو محراب سے حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھایا جاتا ہے تو اس کا مقصد لوگوں کو اکسانا نہیں بلکہ حکومت کی توجہ ان مسائل کی طرف مبذول کرانا ہوتی ہے جن کی وجہ سے لوگ مشکلات اور مصائب کا شکار ہوتے ہیں۔