یوم حق خودارادیت کے موقع پر مظفرآباد میں حریت کانفرنس کی ریلی


مظفر آباد(صباح نیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے زیر اہتمام یوم حق خود ارادیت  کے موقع پر مظفر آباد میں عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنماوں ، آزاد کشمیر کی مختلف سیاسی جماعتوںکے رہنماں ، کارکنوں ، وکلا طلبااور زندگی دیگر شعبوںسے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ عام لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی میں خواتین اور طالبات بھی بڑی تعداد میں شریک تھیں۔آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق ، سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف  اکبر ، اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد ، وزرا کرام حکومت ،پیر محمد مظہر سعید شاہ ، جاوید اقبال بڈھانوی ، عبدالماجد خان ، سردار جاوید ایوب ، پروفیسر تقدیس گیلانی ، مشیر حکومت صبیحہ صدیق ، صدر پاکستان مسلم لیگ ( ن) شاہ غلام قادر  سیکرٹری جنرل مسلم کانفرنس محترمہ مہرالنسا ، سربراہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی سردار حسن ابراہیم ،  حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی ،شوکت جاوید میر ،دانیال شہاب ،شیخ عقیل الرحمن ،موسی کشمیری ،آصف مخدومی ،عزیر غزالی ،ثاقب مجید ر اورمہناز قریشی نے بھی خطاب کیا۔

آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ اپنے زور بازو پر کشمیر کی آزادی حاصل کرنے کے لیے کھڑا ہونا ہوگا, اقوام متحدہ کی مسئلہ کشمیر پر طویل خاموشی سے مایوسی ہوئی ہے ۔ اقوام متحدہ کے ذریعے آزادی کا خواب دیکھنا کشمیریوں کے لئے اب خواب ہی رہ گیا ہے، 76 سال قبل کے کشمیر کے حوالے سے تاریخی موقف پر آج بھی ڈٹ کر کھڑے ہیں ، دشمن ہم میں گروہ بندی اور تقسیم چاہتا ہے ، ہمیں محافظ اور قابض افواج میں فرق کرنا ہے ہمیں اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہے ، ہندوتوا کے فلسفہ کو بیس کیمپ عوام یکسر مسترد کر چکے ہیں۔ہمیں اپنا مقصد نہیں بھولنا ،آزادی کی مقصدیت کو زندہ رکھنا ہے ، آزادی بڑی نعمت ہے ، حق لینے کے لیے پولرائزیش سے باہر نکلنا ہوگا ۔ جز نہیں کل کی بنیاد پر آزادی حاصل کر کے تکمیل پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کریں گے ۔ مسلح افواج پاکستان آزاد کشمیر  کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ دوٹوک کہتے ہیں تقسیم کشمیر کا کوئی فارمولا قبول نہیں ، حکمت عملی سے آگے چلنا ہوگا ، قرآن میں واضح ہے کہ یہود و ہنود مسلمانوں کے دوست نہیں ہوسکتے ، اب ڈٹ کر چلنے کا وقت ہے ،ان خیالات کا اظہار  وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے  آل پارٹیز حریت کانفرنس کے زیر اہتمام یوم حق خودارادیت کے حوالے سے برہان وانی چوک میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے زیر اہتمام بڑی ریلی سے خطاب میں کیا۔مظاہرہ میںمختلف محکمہ جات کے سربراہان سمیت سیاسی و سماجی جماعتوں کے قائدین ، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے احتجاجی ریلی سے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ہمارا بڑا بھائی ہے اس کی اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں ہیں ، ہم آگے بڑھ کر ایک ساتھ چلنا ہوگا ، تعمیر و ترقی آزادی کا نعم البدل  نہیں ہے ، سیاسی افراتفری ہمیں تباہی کی طرف لے جائے گی ۔ انھوں نے کہا کہ کشمیری عوام  بلاتفریق اس بات پر اکھٹے ہوں کہ بھارتی قبضہ کے خاتمہ کے لیے اب لڑنا ہے ۔ حریت کانفرنس کے مشکور ہیں ، انھیں یقین دلاتے ہیں کہ ہم آپ کے  ساتھ کھڑے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ہم سیاسی حادثہ نہیں ہیں اتحادی حکومت نے ہمیشہ مسائل کو مذاکرات سے حل کیاہے ۔ ایل و سی کے پار  جب لوگ گھروں سے باہر  حقوق کے لیے نکلتے ہیں تو خون کی ندیاں بہتی ہیں۔ حالیہ بٹل سیکٹر میں انڈین فورسز کی بارڈر کراس کرنے کا پروپیگنڈہ کیا گیا اور پھر وہیں پروپیگنڈہ کرنے والوں کی جانب سے پاک فوج کو پکارا گیا ،انھوں نے کہاکہ اپنے زور بازو پر اس خطہ کو آزاد کروانا ہے ۔ افواج پاکستان نے خاکی کو خون میں نہلا کر آزادکشمیر کا تحفظ کیا ۔

سیاسی جماعتیں اپنے اپنے نظریات پر قائم رہیں ، کسی کے جبر پر نظریات تبدیل نہیں ہوتے لیکن مسلہ کشمیر پر سب اکھٹے ہیں ۔ حریت قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں ، انھوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے ہم سب کو حریت قیادت کے لائح عمل کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، یکجہتی اور اتحاد کے ساتھ جدوجہد سے ہی کشمیر آزاد ہوگا ۔