مظفر آباد (صباح نیوز)وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ جز نہیں کل کی بنیاد پر آزادی حاصل کر کے تکمیل پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کریں گے ۔حریت کانفرنس کے زیر اہتمام مظفر آباد میں یوم حق خودارادیت کے موقع پر مظفرآباد میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنے زور بازو پر کشمیر کی آزادی حاصل کرنے کے لیے کھڑا ہونا ہوگا ،اقوام متحدہ کی مسئلہ کشمیر پر طویل خاموشی سے مایوسی ہوئی ہے ،اقوام متحدہ کے ذریعے آزادی کا خواب دیکھنا کشمیریوں کے لیے اب خواب ہی رہ گیا ہے، 76 سال قبل کے کشمیر کے حوالے سے تاریخی موقف پر آج بھی ڈٹ کر کھڑے ہیں دشمن ہم میں گروہ بندی اور تقسیم چاہتا ہے ،ہمیں محافظ اور قابض افواج میں فرق کرنا ہے ، ہمیں اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہے ، ہندوتوا کے فلسفہ کو بیس کیمپ کے عوام یکسر مسترد کر چکے ہیں،چوہدری انوار الحق نے کہا کہ ہمیں اپنا مقصد نہیں بھولنا ،آزادی کی مقصدیت کو زندہ رکھنا ہے ،آزادی بڑی نعمت ہے ، حق لینے کے لیے پولرائزیشن سے باہر نکلنا ہوگا ،جز نہیں کل کی بنیاد پر آزادی حاصل کر کے تکمیل پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کریں گے ،
مسلح افواج پاکستان آزاد کشمیر کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، دوٹوک کہتے ہیں تقسیم کشمیر کا کوئی فارمولا قبول نہیں ، حکمت عملی سے آگے چلنا ہوگا ، قرآن میں واضح ہے کہ یہود و ہنود مسلمانوں کے دوست نہیں ہوسکتے ،اب ڈٹ کر چلنے کا وقت ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا بڑا بھائی ہے اس کی اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں ہیں ، ہمیں آگے بڑھ کر ایک ساتھ چلنا ہوگا ،کشمیر ی عوام بلاتفریق اس بات پر اکھٹے ہوں کہ بھارتی قبضہ کے خاتمہ کے لیے اب لڑنا ہے ، حریت کانفرنس کے مشکور ہیں ، مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں ،ایل و سی کے پار جب لوگ گھروں سے باہر حقوق کے لیے نکلتے ہیں تو خون کی ندیاں بہتی ہیں، بٹل سیکٹر میں انڈین فورسز کے بارڈر کراس کرنے کا پروپیگنڈہ کیا گیا ،
افواج پاکستان نے خاکی کو خون میں نہلا کر آزادکشمیر کا تحفظ کیا ،ہم سب مسئلہ کشمیر کے موقف پر اکھٹے ہیں ، حریت قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں ، کشمیر کی آزادی کے لیے ہم سب کو حریت قیادت کے لائح عمل کے ساتھ کھڑا ہوناہوگا، یکجہتی اور اتحاد کے ساتھ جدوجہد سے ہی کشمیر آزاد ہوگا ،۔