تنقید سننے کا حوصلہ نہیں تو سیاست کرنا چھوڑ دیں، آصف زرداری


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اگر کسی میں تنقید سننے کا حوصلہ نہیں تو سیاست کرنا چھوڑ دے۔سابق صدر آصف علی زرداری، قائد حزب اختلاف شہباز شریف سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے صحافی محسن بیگ کی گرفتاری کی مذمت کی۔ اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اختلاف رائے رکھنے والوں پر طاقت کا استعمال آمرانہ ذہنیت کی عکاسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی میں تنقید سننے کا حوصلہ نہیں ہے تو سیاست کرنا چھوڑ دے اور محسن بیگ کو جس انداز میں گرفتار کیا گیا وہ قانون سے ماورا ہے۔ حکومت ہوش کے ناخن لے اور صحافی محسن بیگ کو رہا کرے۔

خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صحافی محسن بیگ کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے گرفتار کر لیا ہے، اس موقع پر ہونے والی فائرنگ سے ایف آئی اے کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا تھا۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم محسن بیگ کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پہنچی تو گرفتاری کے دوران مزاحمت ہوئی اور ملزم نے فائرنگ کر دی جس سے ایف آئی اے کا ایک اہلکار زخمی ہو گیا