انجینئر امیر مقام پشاور میں بلدیاتی نمائندوں پر شیلنگ کی شدید مذمت

پشاور(صباح نیوز) وفاقی وزیر امور کشمیر و شمالی علاقہ جات انجینئر امیر مقام نے پشاور میں بلدیاتی نمائندوں پر شیلنگ کی شدید مذمت کی۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے نئے سال پر منتخب بلدیاتی نمائندوں کو آنسو گیس کا تحفہ دیا ہے۔گیارہ سال سے خیبرپختونخوا پر مسلط نالائقوں کے ٹولے نے صوبے کے وسائل پر قبضہ کر رکھاہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ اسلام آباد پر مسلح لشکروں سے حملہ کرنے والی پی ٹی آئی اپنے صوبے میں احتجاج کا حق دینے کو تیار نہیں۔ گیارہ سال میں پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا کو معاشی طور پر کنگال کر دیا ہے۔

 وزیروں نے کرپشن کے ریکارڈ بنائے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کارکردگی میں فیل ہے، صرف لوٹ مار کی کارکردگی دکھا رہی ہے ۔پی آئی اے خریدنے کی بڑھکیں مارنے والی پی ٹی آئی حکومت کے پاس بلدیاتی اداروں کے لئے وسائل نہیں؟ ۔ امیر مقام نے کہا کہ جو لوگ سکول نہیں چلا سکتے، وہ خیبرپختونخوا صوبے میں گیارہ سال سے مسلط ہیں ۔جو ایک بس سروس نہیں چلا سکتے، وہ پورا صوبہ خیبر پختونخوا کیسے چلائیں گے؟ انہوں نے کہا کہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ ہیں۔ عوام کے مسائل کے حل کے لیے فنڈز ملنے تک ان کے ساتھ ہیں ۔