سال نو پر ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کراپنے نصب العین کا تعین کریں،چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد (صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ایک قوم کی حیثیت سے ہمارا اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے،وقت ہے کہ ہم ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کراپنے نصب العین کا تعین کریں ۔ بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سال نو کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ سال نو کا آغاز ہمیشہ نئی امیدوں، عزائم اور مقاصد کے ساتھ ہوتا ہے،یہ وقت ہے کہ ہم ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھیں، اپنے نصب العین کو پہچانیں اور اپنی قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنی تمام توانائیاں وقف کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عظیم قوم نے ہمیشہ مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ،

آج بھی ہم ایسے نئے سال میں قدم رکھ رہے ہیں جو ہم سے عزم، حوصلے اور اتحاد کا تقاضا کرتا ہے، ہم سب کو اپنی ذاتی اور اجتماعی ذمہ داریوں کو پوری لگن کے ساتھ نبھانا ہوگا تاکہ ہمارا ملک امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سال نو ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ایک قوم کی حیثیت سے ہمارا اتحاد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے، آئیں ہم اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر ایسا معاشرہ تشکیل دیں جہاں ہر فرد کو برابری، انصاف اور احترام کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہو۔سید یوسف رضاگیلانی نے دعا کی کہ نیا سال ہمارے لیے ترقی، خوشحالی اور امن کا سال ثابت ہو، اللہ تعالی ہماری قوم کو مزید کامیابیوں اور بلند مراتب سے نوازے اور ہمیں اپنے ملک کی خدمت و ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔