وزیراعظم پاکستان کی سال نو کے آغاز پر قوم کو مبارکباد ، امید ہے کہ 2025ء ملک کی خوشحالی اور ترقی کا سال ثابت ہو گا، محمد شہباز شریف

اسلام آبا(صباح نیوز) وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے نئے سال کی آمد پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ 2025ء پاکستان کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میری یہ دعا ہے کہ 2025ء کا سورج ہمارے ملک پاکستان کیلئے ترقی اور خوشحالی کی نوید لے کر طلوع ہو۔میری یہ بھی دعا ہے کہ نئے سال میں ہم گزشتہ سال کی  اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کی غلطیوں کو سدھار کر ایک نئی شروعات کریں اور ایک نئے  روشن مستقبل کا آغاز کریں۔ میں دعا گو ہوں کہ 2024ء میں دنیا کو جن معاشی،  سیاسی اور امن و امان کے بحرانوں کا سامنا رہا، نئے سال میں ان پر قابو پانے کیلئے مثبت پیشرفت ہو۔نیا سال پاکستان سمیت پوری دنیا سے بھوک، افلاس، جنگ، دہشتگردی، جرائم، فرقہ واریت اور طبقاتی تقسیم کے خاتمے کا سال ثابت ہو۔2024ء کا سال ہمارے پیارے پاکستان کے لیے شاندار کامیابیوں کا سال تھا۔ 2024ء کے دوران ہمارے معاشی اشارئیے بہتر ہوئے۔

بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے پاکستان پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔ دوست اور برادر ممالک سے اربوں روپوں کی سرمایہ کاری کے معاہدے ہوئے اور معیشت کی ڈیجیٹائز یشن پر کام کا آغاز ہوا۔ہم نے باضابطہ طور پر قومی اقتصادی ٹرانفارمیشن پلان ”اڑان پاکستان”کا اجراء کر دیا ہے۔ اڑان پاکستان دراصل معیشت کو ایک نئی جہت دینے، جامع ترقی کو فروغ دینے اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے میری حکومت کا عزم ہے۔ اب جبکہ ہم 2025 میں داخل ہو رہے ہیں اور معیشت کو خود انحصاری کی پٹڑی پر ڈال چکے ہیں تو آج کے دن ہم ایک مستحکم ، روشن اور خوشحال مستقبل کا عزم کرتے ہیں۔2024ء کا سال فلسطین میں اسرائیلی مظالم کے حوالے سے بد ترین سال رہا جس میں اسرائیلی قابض افواج نے ظلم کی وہ داستانیں رقم کیں جن کی مثال حالیہ تاریخ میں نہیں ملتی۔ اسی طرح بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہمارے مظلوم بھائی اور بہنیں بھارتی قابض افواج کی بربریت کا شکار رہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ 2025ء میں فلسطین اور بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر اپنی آزادی کی جدو جہد میں کامیاب ہوں۔2024ء میں ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف کامیابیاں حاصل کیں۔

دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں ہمارے سیکورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، جن کی قربانیاں قوم تاحیات یاد رکھے گی۔ آئیں ! نئے سال کے آغاز میں ہم یہ وعدہ کریں کہ اس ملک کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ یہ ملک ہمارے پرکھوں کی امانت ہے، ہم اس کی حفاظت اور تعمیر و ترقی میں اپنا خون پسینہ ایک کریں گے۔میں دعا گو ہوں کہ 2025ء ہماری قوم کے لیے خوش قسمتی اور بے پناہ خوشیوں کا سال ہو۔ پاکستان زندہ باد!**