کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولاناہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ جدید معیاری الخدمت ہسپتال بلوچستان وکوئٹہ کے عوام کیلئے بہت بڑا تحفہ ہے۔ ایمبولینس کی سہولت کیساتھ ہسپتال میں خواتین وبچوں کے ہر قسم امراض کاعلاج مناسب فیس کیساتھ جاری ہے ۔جدید مشینوں سے آراستہ لیباریز میں ہرقسم کے ٹیسٹ ماہرین کی زیرنگرانی کیے جاتے ہیں ۔کوئٹہ ،بلوچستان کے غریب عوام کوسستے ومعیاری علاج کی سہولیات کی سخت ضرورت ہے ۔ بدقسمتی سے حکومتوں نے دستاویزات میں تو ہسپتال بنالیے لیکن عملی طور پر میدان میں کچھ نہیں ۔معمولی علاج کیلئے اہلیان بلوچستان کے عوام کراچی کا رخ کرتے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے بلوچستان میں آفات ومصیبت میں اہل بلوچستان کے امداد کیساتھ یتیم بچوں کی کفالت ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی ،تعلیمی خدمات کیساتھ جدید صحت کی سہولیات پہنچانے کا بھی تہیہ کر رکھا ہے ۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے ممتاز معالج ڈاکٹرثاقب حسین انصاری کنسلٹنٹ پیڈیاٹرک ہیماٹولوجسٹ ،بون میروٹرانسپلانٹ فزیشن سی ای و چلڈرن ہسپتال کراچی کے ہمراہ الخدمت فائونڈیشن ہسپتال بروری روڈ کے دورے کے دوران ڈاکٹرزوعملے کیساتھ گفتگوکرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے جنرل سیکرٹری عبدالمجید سربازی ،ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹرمحمد ہارون خان ، صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبدالولی خان شاکر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈاکٹر ثاقب انصاری اور مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کو ہسپتال کے تمام شعبہ جات کاوزٹ کروایا گیا اور بریفنگ بھی دی گئی ۔ ہسپتال کے انچارج ڈاکٹرہارون خان اور عبدالمجید سربازی نے بتایاکہ الخدمت ہسپتال میں معیاری ڈاکٹرزکی زیر نگرانی امراض زچہ وبچہ،بانجھ پن،تمام گائناکالوجیکل آپریشن ،اپینڈکس ،ہرنیا،بواسیر،پتہ ،ٹی بی ،تھائیرائیڈ،معدہ ،گردہ ،رسولی ، وجگر،شوگر،بلڈپریشر،کالایرقان ،الرجی ،دمہ ،اعصابی کمزوری،لپروسکوپی، ، ہیپاٹائٹس سمیت ہر قسم کے ٹیسٹ معیاری مشینوں سے کیے جاتے ہیں ۔ ضرورت پڑی تومعیاری علاج کیلئے مزید بڑے سرجن ماہر اچھے ڈاکٹرزکی خدمات حاصل کریں گے ۔بلوچستان میں غربت بے روزگاری صحت کے ناکامی سہولیات کی وجہ سے عوام کو علاج معالجے میں سخت مشکلات درپیش ہیں۔
جماعت اسلامی الخدمت فاؤنڈیشن دستیاب وسائل کو بروئے کارلاکر عوام کی خدمت کیساتھ علاج کی جدیدسہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ بلوچستان کے کچھ اضلاع میں الخدمت ایمبولینس سروس شروع کی ہے۔ پینے کے صاف پانی کی فراہمی،صحت وتعلیم کے پراجیکٹس چل رہے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن ہزاروں یتیم کی کفالت اورتعلیمی اخراجات خود برداشت کر رہی ہے ۔دیگر دوردرازعلاقوں، بڑے شہروں میں بھی الخدمت فاؤنڈیشن کے پراجیکٹس میں وسعت وبہتری لانے کیساتھ ایمبولینس سروس،تعلیم وصحت کے پراجیکٹس شروع کریں گے ۔بیلہ میں یتیم بچوں کی تعلیم وتربیت اورکفالت کیلئے آغوش سینٹر کی تعمیرجاری ہے۔کراچی وملک کے دیگر بڑے شہروں کی طرزپر کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر بڑے اضلاع کے ہیڈکوارٹرزمیں نوجوانوں کوہنر، روزگار اورتعلیم کے پراجیکٹس شروع کریں گے۔ یہ سب اللہ کی رضا وخوشنودی کیساتھ عوام کے مسائل میں کمی لانے کیلئے کر رہے ہیں۔ مخیر حضرات الخدمت فائونڈیشن کے پراجیکٹس میں تعاون کو وسعت دینے اور مزید پراجیکٹس وخدمات شروع کرنے کیلئے الخدمت فائونڈیشن کیساتھ تعاون کریں۔علاوہ ازیں
کاسی قبیلے کے احتجاج پر لاٹھی چارج،شیلنگ و تشددقابل مذمت ہے، جماعت اسلامی بلوچستان
جماعت اسلامی کی کاسی قبیلے کے احتجاج پر لاٹھی چارج وتشددکی مذمت ۔ جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی بیان میں کہاگیا ہے کہ کاسی قبیلے کے احتجاج پر لاٹھی چارج،شیلنگ و تشددقابل مذمت ہے۔ کاسی قبیلے کا اہلیان کوئٹہ بلوچستان کے اجتماعی عوامی پراجیکٹس کیلئے عطیہ کی گئی اراضی کی عوام وشہری قدرکرتے ہیں۔ حکمرانوں ،انتظامیہ کو بھی ناانصافی ،تشدد اور لاٹھی چارج سے گریز کرناچاہیے۔ جمہوری قانونی احتجاج سب کاحق ہے حکومت قانونی طریقہ کے بجائے گولی ولاٹھی سے مسائل حل کرنے کی روش ترک کردی جائے ، اس سے نفرت وتعصب پھیلنے کیساتھ حالات خراب ہوں گے۔ کاسی قبیلے کی اراضی پر قبضہ ختم کیا جائے اور کوئٹہ سے لینڈمافیاکو ختم کیاجائے۔ بدقسمتی سے جن لٹیروں اور مافیازکیساتھ حکومت وانتظامیہ کے لوگ ملے ہوئے ہوں ان کو کچھ نہیں کہاجاتااورجوقانونی طریقے سے مسائل حل کرناچاہتاہے ان پر تشددلاٹھی چارج کرنا بدترین ظلم ہے۔ جماعت اسلامی اس ظلم کے خلاف اورمظلوم کیساتھ ہے ۔ دریں اثناء امیر ضلع کوئٹہ عبدالنعیم رند کی قیادت میں وفد نے سول ہسپتال میں داخل کاسی قبیلے کے زخمی عمائدین کی عیادت کی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے وفد نے زخمیوں کی صحت یابی کی دعاکیساتھ کاسی قبیلے کے عمائدین کو ہر قسم کی تعاون کایقین دلایا ۔