نئے سال کا تحفہ،این ایچ اے نے ملک کی مختلف موٹرویز کے ٹول ٹیکس میں اضافہ کر دیا

اسلام آباد (صباح نیوز)نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے)نے سال نو پر عوام کو تحفہ دیتے ہوئے 7ماہ میں تیسری بار ملک کی مختلف موٹرویز کے ٹول ٹیکس میں اضافہ کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹول ٹیکس میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، اور اس پر عملدرآمد 5جنوری 2025ء سے ہوگا۔

این ایچ اے کے نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد سے پشاور ایم ون موٹروے پر گاڑی کے ٹول ٹیکس میں 40 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جو 460 سے بڑھ کر 500 روپے ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ لاہور سے عبدالحکیم جانے والی ایم تھری موٹروے پر گاڑی کا ٹول ٹیکس 50 روپے بڑھایا گیا ہے، جو 650 روپے سے بڑھ کر 700 روپے ہوگیا۔

پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد اور ملتان جانے والی ایم فور موٹر وے پر گاڑی کے ٹول ٹیکس میں 100 روپے اضافہ کیا گیا ہے، جو 850 سے بڑھ کر اب 950 روپے ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ سکھر سے ملتان جانے والی ایم فائیو موٹر وے پر گاڑی کا ٹول ٹیکس 100 روپے اضافے کے ساتھ 1050 روپے سے بڑھ کر 1150 روپے ہوگیا ہے۔

اسی طرح ڈی آئی خان سے ہکلہ موٹر وے ایم 14 پر ٹول ٹیکس 600 روپے کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ این ایچ اے نے قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر ٹول ٹیکس میں 7 ماہ کے دوران تیسری بار اضافہ کیا، اور حالیہ اضافے کے بعد 7 ماہ میں ٹول ٹیکس کی شرح دوگنا سے بڑھ گئی ہے۔