اسلام آباد(صباح نیوز)آرمی چیف کی زیر قیادت افواج پاکستان نے 2024 میں ملک کے لیے شاندار خدمات انجام دیں، دہشت گردوں کے خلاف 59 ہزار 775 کامیاب آپریشنز کیے گئے جس میں 925 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس سال دہشت گردوں کے خلاف واضح پالیسی کے تحت اہم کامیابیاں حاصل کی گئیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سال 2024 کے دوران مجموعی طور پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف 59 ہزار 775 مختلف نوعیت کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔
کامیاب آپریشنز کے دوران 925 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا اور سینکڑوں کو گرفتار کیاگیا، دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے افواجِ پاکستان، انٹیلی جنس، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے روزانہ کی بنیاد پر 169 سے زائد آپریشنز انجام دے رہے ہیں۔رواں سال ان آپریشنز کے دوران 73 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی ہلاکتیں ہوئیں، ان دہشت گردوں میں ژوب ڈویژن سے تعلق رکھنے والے فدا الرحمن عرف لعل، علی رحمن عرف طحہ سواتی اور ابو یحیی بھی شامل ہیں۔اس کے علاوہ ریاستی اداروں کی بہترین حکمت عملی کے باعث 14 مطلوب دہشت گردوں نے ہتھیار ڈال کر خود کو قومی دھارے میں شامل کیا، سیکیورٹی فورسز کی کامیاب حکمت عملی کے باعث 2 خودکش بمباروں کو گرفتار کر کے ملک کو بڑی تباہی سے بچایا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ واضح ریاستی پالیسی کے پیش نظر رواں سال اسمگلنگ، بجلی چوری، بھتہ خوری، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی، رواں سال غیر قانونی سر گرمیوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں واضح کمی واقع ہوئی۔آرمی چیف کی کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کی بدولت رواں سال پاکستان نے اہم سنگِ میل عبور کئے، کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کی بدولت اہم ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا۔ رواں سال غیر ملکی جریدے نے بھی آرمی چیف کو دہشتگردوں اور انتہا پسندوں کے خلاف توانا آواز بننے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ غیر قانونی سر گرمیوں کے خلاف بھی رواں سال بھرپور کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
ریاست پاکستان کا واضح موقف ہے کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث مافیہ دہشتگردو ں کا سہولت کار ہے۔واضح ریاستی پالیسی کے پیش نظر رواں سال اسمگلنگ، بجلی چوری، بھتہ خوری، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی گئی، غیر قانونی سر گرمیوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں کے نتیجے میں واضح کمی واقع ہوئی۔آرمی چیف کی کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کی بدولت رواں سال پاکستان نے اہم سنگِ میل عبور کیے۔ کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کی بدولت اہم ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا۔ حکومت اور عسکری قیادت کی بہترین حکمت عملی اور کاوشوں کے تحت سال 2025 امن اور استحکام کا سال ہوگا