ڈھاکہ (صباح نیوز)بنگلہ دیش کی فوج نے پاکستانی فوج کے جوانوں کی بنگلہ دیش آمد سے متعلق بھارتی میڈیا کی رپورٹ کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اتوار کو بنگلہ دیش آرمی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بنگلہ دیشی فوج پیشہ ورانہ مہارت، غیر جانبداری اور بین الاقوامی تعاون کے اپنے اصولوں پر قائم ہے، بنگلہ دیش پاک فوج کے جوانوں کی بنگلہ دیش آمد سے متعلق بھارت اور آنندا بازار آن لائن کی رپورٹ کو مسترد کرتا ہے۔
بنگلہ دیشی فوج نے جمعہ کو آن لائن بھارتی میڈیا ادارے آنندا بازار آن لائن میں شائع ہونے والی رپورٹ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اسے گمراہ کن اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔ بنگلہ دیش کے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز(آئی ایس پی آر) نے گزشتہ روز اس رپورٹ، جس کی بنگالی زبان میں سرخی تھی، اردتے بنگالی گونوہتر روکٹر چھیتے! 53 بوچور پور بنگلہ دیشی پھرچے سے پوراجیتو پاک فوج پر ایک پریس ریلیز جاری کی تھی، جس کا مطلب ہے کہ بنگالیوں کی نسل کشی کے خون کے دھبے پاک فوج کی وردی پر ہیں اور یہ کہ 53 سال بعد پاک فوج بنگلہ دیش واپس لوٹ رہی ہے۔
بنگلہ دیش آرمی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صحافتی روایت کے برعکس اخبار نے رپورٹ شائع کرنے سے قبل آئی ایس پی آر سے کوئی تبصرہ یا وضاحت نہیں لی جس سے رپورٹ کی معروضیت اور ساکھ پر سوالات اٹھتے ہیں۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ بنگلہ دیشی فوج پیشہ ورانہ مہارت، غیر جانبداری اور بین الاقوامی تعاون کے اپنے اصولوں پر ثابت قدم ہے۔ اپنی باقاعدہ سرگرمیوں کے ایک حصے کے طور پر، بنگلہ دیش کی فوج مختلف ممالک کی مسلح افواج کے ساتھ دوستانہ تعلقات برقرار رکھتی ہے اور باہمی تعلقات اور مہارت کو بڑھانے کے لیے طلبا کے تبادلے اور تربیت سمیت مختلف کوآپریٹو پروگراموں کا انعقاد کرتی ہے۔اعلامیے کے مطابق پاک فوج کی کسی بھی تربیتی ٹیم یا وفد کو تربیت کے لیے بنگلہ دیش کی کسی چھاونی میں آنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
یہ دعوی بے بنیاد ہے اور حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ بنگلہ دیشی فوج اپنی ضروریات کے مطابق مختلف ممالک سے مطلوبہ گولہ بارود خریدتی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حساس دفاعی معاملات پر غلط معلومات پر مبنی رائے ناپسندیدہ، غیر ضروری اور جارحانہ ہے۔