اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ملٹری ٹرائل بارے قانون فیصلہ کرے گا ، بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے میں سرفہرست لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید تھے۔
پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ان دونوں کی پارٹنر شپ 9 مئی کو بھی تھی اور بعد میں بھی چلتی رہی، شہادتوں سے سامنے آئے گا کہ کس طرح 2018 میں دھاندلی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور اقتدار میں بہت سے سویلین کا ملٹری ٹرائل ہوا، بانی پی ٹی آئی کے ملٹری ٹرائل بارے قانون فیصلہ کرے گا۔خواجہ آصف نے کہا کہ ڈی چوک میں 12 ہلاکتوں کی بات کرتے ہیں لیکن رینجرز اور پولیس اہلکاروں کی بات نہیں کرتے، صوبائیت کا کارڈ کھیل رہے ہیں، یہ آخری کارڈ ہے، سول نافرمانی کی تحریک شروع بھی نہیں ہوگی، جس کے بچے پاکستان بیٹھے ہیں وہ پیسے کیوں نہیں بھیجے گا۔