اٹک(صباح نیوز) اٹک کی6تحصیلوں میں پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ انسداد پولیومہم یکم نومبر تک جاری رہے گی۔ڈپٹی کمشنر را ؤعاطف رضا نے گورنمنٹ سٹی ہسپتال میں پولیو مہم کا افتتاح کیا۔اس موقع پرسی ای اوہیلتھ ڈاکٹراسداسماعیل،اسسٹنٹ کمشنرشگفتہ جبیں اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر اٹک راؤعاطف رضا نے پولیو مہم کے افتتاح پرگفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پولیو مہم میں ضلع اٹک کی 6تحصیلوں میں 2311ٹیمیں خدمات انجام دیں گی۔ ان ٹیموں میں2052موبائل 130فکسڈ 40ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں جبکہ 75یونین کونسلز میں91یو سی ایم اوز اور407ایریا انچارجزز تعینات کیے گئے ہیں جو اس مہم کے دوران ٹیموں کی نگرانی کے فرائض انجام دیں گے ۔اس مہم کے دوران پیدائش سے لے کر 59 ماہ تک کے3,26,157بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے افسران ،
عالمی ادراہ صحت کے نمائندگان اور میںخودخصوصی طور پر اس مہم کی نگرانی کروں گا۔اس دوران بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیںگے۔ مہم کی مانیٹرنگ عوام اورمحکمہ صحت کی ٹیموں سے مکمل رابطہ اور مسائل کے تدارک کیلئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اٹک کے آفس میں ڈسٹرکٹ پولیو کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔9316068پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ڈی سی اٹک نے کہا کہ والدین سے اپیل ہے کہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچا ؤکے حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں اور پولیو ٹیمز کی ساتھ تعاون کریں،آپکی ذرا سی غفلت آپکے بچے کے لئے عمر بھر کی معذوری بن سکتی ہے۔