انسداد پولیو مہم28اکتوبرسے پورے ملک میں شروع ہو رہی ہے،عظمی کاردار


اٹک(صباح نیوز)وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے پولیو مہم عظمی کاردار نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم28اکتوبرسے پورے ملک میں شروع ہو رہی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف پولیو مہم کی خود نگرانی کریں گی اس سلسلے میں ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ان خیالات کا انہوں نے اظہارپولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ضلع اٹک کے دورے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر اٹک رانا عاطف رضا،اسسٹنٹ کمشنرحضرو عائشہ بدر،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسد اسماعیل اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔معاون خصوصی نے اٹک خوردکے سرحدی مقام پر قائم پولیو ٹرانزٹ پوائنٹ کا دورہ کیا اور وہاں پر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو اپنی نگرانی میں پولیو کے قطرے پلائے۔بعدازاں ڈی سی آفس اٹک میں پولیو مہم کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کی۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسد اسماعیل نے معاون خصوصی عظمی کاردار کو بریفنگ دی۔

ڈی سی آفس میں وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے پولیو مہم عظمی کاردار نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں پاکستان اور افغانستان ہی دو ایسے ممالک ہیں جہاں  پر پولیو کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ پوری دنیا پولیو فری ہو چکی ہے۔رواں سال پاکستان کے 13اضلاع میں پولیو کیسز سامنے آئے ہیں اور اب یہ ضروری ہے کہ پورے ملک میں بھرپور پولیو مہم چلائی جائے۔انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم28 اکتوبر  سے پورے ملک میں شروع ہو رہی ہے اوراس سلسلے میں صوبہ پنجاب میں خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔جہاں پہ پولیو مہم کے سلسلے میں تمام سرگرمیوں کی نگرانی وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف خود کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں پولیو کے خاتمے کے لیے خصوصی اجلاس منعقد کیے جا رہے ہیں ان اجلاسوں میں تمام انتظامات کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جا رہا ہے۔عظمی کاردار نے کہا کہ ضلع اٹک میں پولیو مہم کے سلسلے میں پانچ سال سے کم عمر تین لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔اس سلسلے میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔اس کے علاوہ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کے بھی بھرپور انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ تمام حالات پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھی جائے گی۔صوبہ بھر میں ضلع اور تحصیل سطح پر کنٹرول رومز قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے میڈیا کے ذریعے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں اورپولیو سے پاک پاکستان بنانے میں حکومتکیمددکریں۔