اسلام آباد(صباح نیوز)سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج کی کال دینے والی پی ٹی آئی سے دو سوال پوچھ لئے۔
اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ‘ایکس’ پر بیان میں مسلم لیگ (ن) کے سینئیر راہنما نے کہا کہ معزز غیر ملکی مہمانوں کی موجودگی میں احتجاج کی کال دے کر ڈی چوک پر تماشا لگانے ، بدامنی پھیلانے اور جلاؤ گھیراؤ کرنے سے پہلے ، پی ٹی آئی اتنا بتا دے کہ کیا اس پاکستان اور یہاں کے عوام سے اس کا کوئی رشتہ ناتا ہے یا نہیں ؟ اگر ہے تو وہ سیاست کے پردے میں وہی کچھ کیوں کر رہی ہے جو دہشت گردی کو ہتھیار بنانے والے ریاست دشمن عناصر کر رہے ہیں۔۔