آئینی ترامیم پر سفارشات کی تیاری کیلئے ذیلی کمیٹی تشکیل,ساری جماعتوں کے مسودوں میں کوئی اصولی اختلاف نہیں ، ذیلی کمیٹی دو دنوں میں سفارشات خصوصی کمیٹی کو دے گی۔ عرفان صدیقی

اسلام آباد(صباح نیوز)مجوزہ آئینی ترامیم پر مشاورت کے لیے قائم پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی نے ترامیم سے متعلق سفارشات کی تیاری کیلیے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی۔ذیلی کمیٹی میں پی ٹی آئی کے 2 ارکان کو بھی شامل کیا گیا ہے، کمیٹی 2 روز میں سفارشات مرتب کرکے خصوصی کمیٹی کو دے گی۔مجوزہ آئینی ترمیم پر اتفاق رائے کے لیے پارلیمٹ کی خصوصی کمیٹی کا دوسرا اِن کیمرا اجلاس خورشید شاہ کی زیرصدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اِن کیمرا اجلاس میں آئینی ترامیم سے متعلق مسودوں پر غور کیلئے ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ذیلی کمیٹی مخصوص کمیٹی کو رپورٹ دے گی، ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں کوئی بھی شرکت کرسکے گا، خصوصی کمیٹی کا اجلاس سترہ اکتوبر کو ہونے کا امکان ہے۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومتی سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ خصوصی کمیٹی نے اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی ہے، ذیلی کمیٹی میں کامران مرتضی اور پی ٹی آئی کے 2ارکان شامل ہیں۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ ساری جماعتوں کے مسودوں میں کوئی اصولی اختلاف نہیں ہے، ذیلی کمیٹی دو دنوں میں سفارشات خصوصی کمیٹی کو دے گی۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے اختلافات زیادہ ہیں ، ان کے تحفظات بھی ہیں، پی ٹی آئی کے تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کی گئی ہے۔سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ آئینی ترمیم کی نوعیت سیاسی نہیں ہے، یہ پارلیمان کی بالادستی کیلیے کی جارہی ہے، انہوں نے واضح کیا کہ نمبرز پورے ہوں گے تو ترمیم ہو گی ، نہ ہوئے تو نہیں ہو گی۔اجلاس کے موقع پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ اس طرح کے معاملات میں گفت و شنید سے بات آگے بڑھتی ہے، کون سا ایسا مسئلہ ہے جس کا حل نہیں۔

انہوں نے کہاکہ ایک ماہ سے اس مسئلے پر عوام میں بحث چل رہی ہے، اس میں کون سی غیرآئینی چیز ہے؟ اپوزیشن کے دوستوں سے کہوں گا اپنی تجاویز بھی دیں، صرف تنقید سے معاملات حل نہیں ہوں گے۔پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ مذاکرات درست سمت کی طرف جا رہے ہیں، مولانا صاحب نے گزشتہ روز بہت اچھی بات کی ہے، مولانا صاحب نے کہا ہے کہ ایک متفقہ ڈرافٹ دیں گے۔پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،کمیٹی کا اجلاس ان کیمرہ ہے، قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی آئینی عدالت کو ترجیح سمجھا،یہ آئینی ترمیم عدالت پر حملہ ہر گز نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ ججز کی تعیناتی پر مختلف ممالک میں مختلف طریقہ کار ہیں، کہیں ایسا نہیں کہ سنیارٹی کی بنیاد پر ججز تعینات ہوں، سنیارٹی کی بنیاد پر تعیناتیوں سے ڈیم فنڈز ہی بنے ہیں۔شیری رحمن نے مزید کہاکہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے آئینی ترمیمی ڈرافٹ جمع کرایا ہے، اتفاق رائے پیدا کرنا پاکستان پیپلز پارٹی کی خصوصیت ہے، پیپلز پارٹی قومی سلامتی پالیسی پر بھی اتفاق رائے پیدا کرتی ہے،انہوں نے کہاکہ سیاست میں باہمی مفادات کی بنیاد پر بات ہوتی ہے، کوئی چیز پرفیکٹ نہیں ہوتی، آئینی ترمیم بھی پرفیکٹ نہیں ہو گی، آئینی ترمیم میں شفافیت لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر کامران مرتضی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہاکہ جمیعت علمائے اسلام نے بھی اپنا ڈرافٹ جمع کرایا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے اپنی گفتگو میں کہاکہ ہم نے آئینی ترمیم کا مسودہ نہیں دیکھا، ن لیگ ، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف تینوں جماعتیں ضرورت کے تحت اصلاحتی ایجنڈے کی مخالفت یا حمایت کرتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی عدالتی اصلاحت سے متعلق ماضی میں حق میں تھی، آج مخالف اس لیے کررہی کہ سیاسی مفادات کو نقصان پہنچ رہا، اصول کہاں ہیں ہم تو اصولوں کو ڈھونڈ رہے ہیں،اس سے قبل آئینی ترامیم کے لیے قائم کی گئی مسودہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین خورشید شاہ کے زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، اعظم نذیر تارڑ، راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان، چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر،اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سینٹر علی ظفر نے شرکت کی۔