وزیراعظم شہباز شریف صدر امام علی رحمان کی دعوت پر 2 سے 3 جولائی تک تاجکستان کا سرکاری دورہ کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کی دعوت پر 2 سے 3 جولائی تک دوشنبے تاجکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم دوشنبے میں صدر امام علی رحمان، مجلس نمائندگان کے چیئرمین محمد طائر زویر ذوکر زادہ اور وزیر اعظم قاہر رسول زادہ سے ملاقات کریں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان باقاعدہ اعلی سطحی تبادلوں کا حصہ ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ تاجکستان کے دوران فریقین باہمی دلچسپی کے شعبوں پر وسیع پیمانے پر بات چیت کریں گے تاکہ دوطرفہ تعلقات خاص طور پر علاقائی رابطوں، تجارت، عوام سے عوام کے رابطوں اور توانائی کے ساتھ ساتھ کثیر الجہتی امور پر تعاون کو وسعت دی جاسکے۔ وزیراعظم کے تاجکستان کے دورہ کے موقع پر فریقین تعاون کے مختلف شعبوں میں معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کریں گے۔۔