بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے معاملات میں مثبت تبدیلی چاہتے ہیں،ترجمان انتونیو گوتریس

نیویارک(صباح نیوز)اقوام متحدہ کی جانب سے  بانی پی ٹی آئی سے متعلق ورکنگ گروپ کی رپورٹ کی ذمہ داری لینے سے گریز کیا جارہا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان نے کہا ہے کہ  ورکنگ گروپ کی پاکستان سے متعلق رپورٹ ایک آزاد پینل کی سفارشات ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کی سیاست اور بانی پی ٹی آئی کی صورتحال میں مزید مثبت تبدیلی آئے۔اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک سے جب ایک روز قبل ہونے والی پریس کانفرنس میں سوال کیا گیا کہ کیا وہ بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر رہا کرنے کے اقوام متحدہ کے گروپ کی سفارشات کی حمایت کرتے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ یہ وہ ایک آزاد پینل کی سفارشات تھیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم موجودہ سیاسی صورتحال کے ساتھ ساتھ عمران خان کی موجودہ صورتحال کو زیادہ مثبت انداز میں تبدیل ہوتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ نے دو روز قبل بانی پی ٹی آئی کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ورکنگ گروپ نے بانی پی ٹی آئی کی حراست کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی بھی قرار دیا تھا۔رپورٹ میں حکومت پاکستان سے کہا گیا تھا کہ ورکنگ گروپ کو پاکستان آکر بانی پی ٹی آئی کے قید میں حالات کی تحقیقات کی اجازت دی جائے