عرس بری امام کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی غیر معمولی انتظامات کیے جائیں۔ محمداسحاق ڈار

اسلام آباد(صباح نیوز)نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمداسحاق ڈارنے عرس بری امام کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی غیر معمولی انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں اور دنیا بھر سے عرس کی تقریبات میں شرکت کیلئے آنے والے زائرین کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ہفتہ کو اسحاق ڈارکی زیرصدارت مزار حضرت بری امام کمپلیکس کی ترقی اورانتظام وانصرام کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں حنیف عباسی،جنرل ریٹارڈ افضل جنجوعہ ، سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد، چئیرمین سی ڈی ایاور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں حضرت بری امام کے سالانہ عرس مبارک کے حواے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر نائب وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ عرس کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی غیر معمولی انتظامات کئے جائیں۔انہوں نے عرس میں شرکت کرنے والی خواتین زائرین کیلئے مزار حضرت بری امام کمپلیکس میں خصوصی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی اور کہاکہ تقریبات کے دوران زائرین کو کسی قسم کی کوئی تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔ اجلاس میں عرس کے انتظامات کے سلسلے میں خصوصی کمیٹی بھی قائم کی گئی جس میں چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر حکام شامل ہوں گے۔