ایک سال انٹراپارٹی الیکشن نہیں کرائے، اب کس منہ سے مخصوص نشستیں مانگ رہے ہیں: عقیل ملک

اسلام آباد(صباح نیوز)حکومت کے ترجمان برائے قانونی امور بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ ایک سال تک تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کروائے، اب سنی اتحاد کونسل، تحریک انصاف والے کس منہ سے مخصوص نشستیں مانگ رہے ہیں۔نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان قانونی امور بیرسٹرعقیل ملک نے کہا کہ مخصوص نشستوں کا فیصلہ عدالت کرے گی، سنی اتحاد کونسل کے اپنے منشور میں اقلیتی نمائندوں کا ذکر نہیں، سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں کے لیے لسٹ جمع نہیں کرائی۔بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ آیا جس جماعت نے لسٹ جمع نہیں کرائی وہ کیسے مخصوص نشستیں مانگ سکتی ہے، مخصوص نشستوں کے لیے لسٹ جمع کرانا ضروری ہوتا ہے، کوئی جماعت لسٹ جمع کرائے بغیر مخصوص نشستوں کا مطالبہ نہیں کر سکتی۔

ترجمان قانونی امور ننے کہا کہ سنی اتحاد کونسل نے بطور جماعت ایک سیٹ نہیں جیتی، سنی اتحاد کونسل نے خود آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا، مخصوص نشستوں کا فیصلہ عدالت نے آئین وقانون کے مطابق کرنا ہے، تحریک انصاف والے مانیں سنی اتحاد کونسل کو جوائن کر کے سیاسی غلطی کی، اب یہ ادھر نہ ادھر کے رہے۔عقیل ملک نے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانا تحریک انصاف کی اپنی غلطی ہے، یہ سیٹیں “چونگے” میں آپ کی جھولی میں نہیں ڈالی جاسکتیں، یہ سنی اتحاد کونسل کا رائٹ نہیں ہے، اٹارنی جنرل نے حکومت کا موقف عدالت میں پیش کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین و قانون کے مطابق تحریک انصاف، سنی اتحاد کونسل کا کوئی رائٹ نہیں ہے، تحریک انصاف کو پشاور ہائی کورٹ کے بجائے معاملے کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کرنا چاہیے تھا