بانی پی ٹی آئی کو دباؤ میں لانے کیلئے تاریخ میں پہلی بار عدت کیس بنایا گیا،بیرسٹرگوہر


اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو دباؤ میں لانے کے لیے تاریخ میں پہلی بار عدت کیس بنایا گیا جو کہ پولیٹیکل ویکٹمائیزیشن ہے۔

اسلام آباد کچہری میں چیئرمین پی ٹی آئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی نوعیت کا کیس بنایا گیا جس کا مقصد بانی پی ٹی آئی کو کمپرومائزنگ حالات میں لانا تھا، بانی پی ٹی آئی مضبوط انسان ہیں اس کیس میں عورت کے شامل ہونے کے باوجود کمپرومائزڈ نہیں ہوئے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اسلام اباد ہائی کورٹ نے ڈائریکشن دی ہوئی ہے کہ 10 تاریخ تک اس کیس پر فیصلہ دینا ہے اور سلمان اکرم راجہ نے اپنے دلائل مکمل کر لئے ، کیس کی سماعت پیر تک ملتوی ہوئی ہے اور امید ہے کہ ہمیں اس کیس میں ریلیف ملے گا۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہم نے مرکزی اپیلوں پر مفصل دلائل دیئے  اور عدالتی فیصلے کورٹ کے سامنے رکھے ہیں، ہم نے عدالت کے سامنے شریعہ کورٹ، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ماضی میں دیئے گئے فیصلے رکھے ہیں۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یہ ایک ایسا کیس ہے جس میں ایک عورت کی نجی زندگی کریدنے کی کوشش کی گئی ، ایسا کیس عدالت میں نہیں آنا چاہیے تھا، اسلامی تعلیمات میں بھی ہمیں اس کی اجازت نہیں۔