پاکستان اٹلی کو ایک دوست اور قابل اعتماد پارٹنر سمجھتا ہے،سید یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان اٹلی کو ایک دوست اور قابل اعتماد پارٹنر سمجھتا ہے اور کثیر جہتی دوطرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹلی کی سفیرماریلینا ارمیلن سے پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کے دوران کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے اٹلی کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں باہمی تعاون میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی عالمی اورعلاقائی امور پر پر ایک جیسا نقطہ نظر رکھتے ہیں جو باہمی اعتماد اور احترام کے جذبے کو ظاہر کرتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی، سیاسی، اقتصادی اور دیگر سطحوں پر وفود کے تبادلوں اور تعاون کو بڑھانے کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اعلی سطح کے دورے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ سید یوسف رضا گیلانی نے تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ جاتی روابط اور میکانزم اچھی طرح سے آگے بڑھ رہے ہیں اور اس سے اقتصادی تعاون اور ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کان کنی، آئی ٹی، توانائی، زراعت اور دفاعی تعاون جیسے اہم شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن فراہم کرنے کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) تشکیل دی گئی ہے۔اٹلی کے سفیر نے کہا کہ اٹلی بھی پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی میں مقیم پاکستانی اٹلی کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں