بلوچستان کے 15 اضلاع میں 3 سے 7 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان

کوئٹہ (صباح نیوز)صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی بلوچستان نے موسم کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کردی جس کے مطابق صوبے کے 15 اضلاع میں 3 سے 7 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق 3 جولائی سے بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون کی تیز ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی حصوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ 3 سے 7 جولائی تک لسبیلہ، خضدار، آواران، جھل مگسی، قلات، نصیر آباد، اوستہ محمد، صحبت پور، جعفرآباد، ڈیرہ بگٹی، موسی خیل، کوہلو، ژوب، زیارت، بارخان اور ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ کسان موسم کی پیش گوئی کے مطابق فصلوں کی سرگرمیوں کا انتظام کریں، جبکہ عوام سے درخواست کی ہے کہ بارش اور آندھی کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں۔انہوں نے کہا کہ موسلادھار بارش، آندھی، گردوغبار اور آسمانی بجلی روزمرہ کے معمولات کو متاثر کر سکتی ہے۔