واشنگٹن/برسلز/غزہ(صباح نیوز) امریکی صدر جوبائیڈن نے غزہ جنگ بندی اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی سے مشروط کردی۔امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ حماس یرغمالیوں کو رہاکرتا ہے توکل ہی جنگ بندی ہوجائیگی اور اگر اسرائیل نے رفح پر چڑھائی کی تو اسے ہتھیار فراہم نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کے قتل عام کے لیے توپ خانے اورگولہ بارود اسرائیل کو نہیں دیں گے۔دوسری جانب رفح سے جبری انخلا ور شمالی و وسطی غزہ پر شدید بمباری جاری ہے۔جبالیہ کیمپ پر تازہ اسرائیلی بمباری سے جانی نقصان کے خدشات ہیں جبکہ اسرائیلی فوج نے رفح کے مشرقی اور وسطی علاقوں سے فلسطینیوں کو نکلنے کا حکم دیا ہے اور ساتھ ہی دعوی کیا کہ 3 لاکھ فلسطینیوں کا انخلا کرادیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رفح میں بڑا آپریشن روکنے کے لیے امریکا نے اسرائیل کو حماس رہنماؤں سے متعلق خفیہ معلومات فراہم کرنے کی پیشکش کردی۔ یورپی یونین نے رفح سے جبری انخلاء ناقابل برداشت قرار دے دیا ۔