امریکی ریاست کیلیفورنیا کے سینیٹ کی جانب سے سفیر پاکستان مسعود خان کی خدمات کا اعتراف ، اعترافی سند پیش

واشنگٹن ڈی سی(صباح نیوز)امریکی ریاست کیلی فورنیا کی قانون ساز اسمبلی کے ایوان بالا  نے  امریکہ میں سفیر پاکستان مسعود خان  کے جنوبی کیلی فورنیا کے   پہلے دورے کے موقع  پر پاکستان، کیلیفورنیا اور  امریکہ کے مابین تجارت، ثقافتی تبادلوں اور خیر سگالی کو فروغ دینے کے حوالے سے ان کی کوششوں کا اعتراف  ایک سند کی صورت میں دیا ہے۔

کیلی فورنیا سینیٹ کی جانب سے پیش کی جانب والی    اعترافی سند میں کہا گیا ہے کہ یہ سند    آپ کے جنوبی کیلیفورنیا کے پہلے   دورے کے موقع کی یاد میں اور پاکستانی قوم اور ریاست کیلیفورنیا اور امریکہ کے درمیان  دو طرفہ تعلقات،  تجارت، ثقافتی تبادلوں اور خیر سگالی  کے فروغ میں آپ کے کردار کے اعتراف میں آپ کو پیش کی جا رہی  ہے۔ سند پر تحریر شدہ عبارت میں لکھا گیا ہے کہ   “ہمارے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط ہیں، اور اس خطے کی خوشحالی اور ثقافتی زندگی میں   پاکستانی-امریکی کمیونٹی کی  خدمات  انتہائی قابل تعریف ہیں۔

“”کیلیفورنیا اسٹیٹ سینیٹ کی جانب سے  ہم اس اہم کام کو جاری رکھنے کے لیے آپ کے اور آپ کے دفتر کے ساتھ مل کر کام کرنے کے  خواہاں  ہیں  اور آپ کے دورے کے موقع پر آپ کا   پرتپاک خیرمقدم کرنے کے ساتھ ساتھ آپ کی مسلسل کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ “