سستی روٹی پر عمل درآمد کراکر دکھاؤں گا، نہ کراسکا تو کرسی چھوڑ دوں گا،علی امین گنڈا پور


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورنے کہا ہے کہ سستی روٹی پر عمل درآمد کراکر دکھاؤں گا، اگر عمل درآمد نہ کراسکا تو کرسی چھوڑ دوں گا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورنے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم ٹو کا ایک اور تجربہ کیا جارہا ہے، قوم مزید تجربے برداشت نہیں کرسکتی، پی ڈی ایم ون کا نتیجہ سب کے سامنے ہے، یہ ملک کہاں سے کہاں چلا گیا، قوم کو مزید اندھیروں میں نہ دھکیلیں ۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے جو حالات بنائے وہ بھی سب کے سامنے ہیں ، ہوش کے ناخن لیں اور ملک کی سوچیں، لندن پلان اور کوئی پلان کرکے اور تجربے نہ کریں، مہنگائی سے پریشان ہے،عوام کے مسائل کا سوچیں۔

وزیراعلی کے پی نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں بھی ہیلتھ کارڈ دیا تھا آپ نے بند کردیا، ہم نے روٹی سستی کی ہے، میں عملدرآمد کراکر دکھاؤں گا، اگر عملدرآمد نہ کراسکا تو کرسی چھوڑ دوں گا۔

انہوں نے پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی حکومت اور کارکردگی  سب کچھ ٹک ٹاک پرچل رہی ہے ،قوم مزید بے وقوف نہیں بن سکتی، میں ٹک ٹاک کا کوئی جواب نہیں دیتا، قوم کی بہتری کیلئے کوئی معاہدہ ہوتا ہے تو اس پر کوئی اعتراض نہیں۔