اسپیکر سردارایازصادق کا حکومت اپوزیشن سے تاحال قائمہ کمیٹیوں بارے تجاویز سے آگاہ نہ کرنے پر اظہار افسوس

اسلام آباد (صباح نیوز) اسپیکرقومی اسمبلی  سردارایازصادق نے حکومت اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تاحال قائمہ کمیٹیوں کے حوالے سے تجاویز سے آگاہ نہ کرنے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایکبار پھر پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس طلب کر لیتے ہیں کمیٹیوں کے چیئرمین اور ارکان کے بارے میں پارلیمانی جماعتوں نے فیصلہ کرنا ہے ہم تو سہولتکار ہیں دو مشاورتی اجلاسوں کا کوئی فائدہ نہیں ہوا اس امر کا اظہار انہوںنے پیپلز پارٹی کے رہنما سید نوید قمر کے نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے کیا ۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ ایک اور آرڈیننس کمیٹی کے سپرد کیا گیا ہے مگر یہاں تو سرے سے کمیٹیاں ہی موجود نہیں ہیں ۔ نہ کسی کی تیاری ہے کہ کمیٹیاں قائم ہونی ہیں دھڑا دھڑ بلز کمیٹیوں کو جا رہے ہیں پارلیمانی بزنس اور قانون سازی کے معاملات تاخیر کا شکار ہوتے جا رہے ہیں ۔ تیس دنوں میں کمیٹیوں کا قیام ضروری ہے اور یہ ڈیڈ لائن گزر چکی ہے ۔ ۔ سردار ایاز صادق نے آگاہ کیا کہ ایک پہلے محدود مشاورتی اجلاس کیا دوبارہ وسیع حکومت اپوزیشن کے ساتھ میٹنگ ہوئی جس میں ملک عامر ڈوگر بھی شریک تھے مگر تاحال کوئی سفارشات نہیں آئیں ۔ حکومت اپوزیشن میں کمیٹیوں کی سربراہی کے حوالے سے اتفاق رائے ہو جائے تو ہم فوری طور پر کمیٹی اجلاسوں کے نوٹسز جاری کر دیں گے ہمارا کام سہولتکاری ہے ۔

حکومت اپوزیشن طے کر لے دوبارہ اجلاس بلانے کو تیار ہوں ۔ سید نوید قمر نے کہا کہ نئی  اسمبلی کے وجود میں آنے پر تیس دنوں میں کمیٹیوں کا قیام ضروری ہے اور یہ ڈیڈ لائن گزر چکی ہے ۔ اسپیکر نے کہا کہ طے ہوا تھا کہ تین چار دنوں میں پارلیمانی جماعتیں سفارشات دے دیں گی ایکبار پھر پارلیمانی جماعتوں کو ہدایت کرتا ہوں اپنی تجاویز سے تحریری آگاہ کریں ۔