بشریٰ بی بی کو زہر دیئے جانے کا کیس، اسلام آباد ہائیکورٹ نے میڈیکل چیک اپ کی درخواست نمٹا دی


اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو زہر دیئے جانے کے خدشے کے باعث میڈیکل چیک اپ کی درخواست نمٹا دی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی بشریٰ بی بی کو زہر دیئے جانے کے خدشے کے باعث میڈیکل چیک اپ کی درخواست پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ، کیا بشری بی بی کے ٹیسٹ کرا لئے گئے ہیں اور کیا بشریٰ بی بی ٹھیک ہیں؟۔سٹیٹ کونسل عبدالرحمان نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کے شفا ہسپتا ل سے ٹیسٹ کرائے گئے ہیں، ڈاکٹر عاصم یوسف کی نگرانی میں ٹیسٹ کرائے گئے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ زہر سے متعلق کیا ہے؟جس پر سٹیٹ کونسل نے جواب دیا کہ زہر کے کوئی اثرات نہیں پائے گئے۔وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی خود عدالت میں پیش ہو کر بریف کرنا چاہتی ہیں۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا ہے کہ بشری بی بی کے ساتھ کچھ غلط نہیں ہوا، درخواست نمٹا رہے ہیں۔عدالت عالیہ نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی کو زہر دیئے جانے کے خدشے کے باعث میڈیکل چیک اپ کی درخواست نمٹا دی۔