سری نگر(صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑا میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید 2 نوجوان شہید ہوگئے،ایک ماہ میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 13 ہوگئی۔
مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑا کے علاقے ماچل میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی اور 2 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ قابض بھارتی فوج نے نوجوانوں کو انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر گولیاں مار کر شہید کردیا۔ نوجوانوں کی لاشیں لواحقین کے بجائے پولیس کے حوالے کردی گئیں۔ والدین اپنے پیاروں کی لاشوں کے حصول کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔
اہل خانہ اور علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والے نوجوان مقامی کالج کے طالب علم تھے جن کا کسی عسکری پسند جماعت سے تعلق نہیں تھا۔ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے کالے قانون کے بعد سے بھارتی فوج کی ماورائے عدالت قتل کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا۔ 2020 میں بھی 5 کشمیری نوجوانوں کو گرفتاری کے بعد شہید کیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ ستمبر کی آخری شب میں دو نوجوانوں کی شہادت کے بعد اس ماہ بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 13 ہوگئی۔