پشاور (صباح نیوز)خیبرپختونخوا کی نگراں کابینہ تشکیل دے گئی، گورنرغلام علی نے نگراں کابینہ کی منظوری دی۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق خیبرپختونخوا کی نگراں کابینہ تشکیل دے دی گئی ہے، گورنرغلام علی کی جانب سے نگراں کابینہ کی منظوری دی گئی۔صوبائی کابینہ میں 9 وزرا، 2 مشیر اور ایک معاون خصوصی شامل ہیں۔ سید مسعود شاہ، فیروز جمال شاہ، ارشاد قیصر، احمد رسول بنگش، آصف رفیق، ڈاکٹرنجیب اللہ نگراں وزیر مقرر کیے گئے۔
اس کے علاوہ کابینہ میں ڈاکٹر محمد قاسم، ارشاد حسین شاہ اور سید عامرعبداللہ شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ریاض انور اور ڈاکٹر سرفراز علی شاہ مشیر ہوں گے جبکہ ظفراللہ خان وزیراعلی کے معاون خصوصی مقرر کیے گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں کابینہ ارکان ہفتہ کو حلف اٹھائیں گے، گورنرغلام علی کابینہ ارکان سے حلف لیں گے۔واضح رہے کہ 10 اگست کو خیبر پختونخوا کی نگراں کابینہ کے 19 ارکان مستعفی ہوگئے تھے،
سیاسی وابستگیوں کے الزام کے بعد الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا کے نگراں وزیراعلی اعظم خان کو سیاسی سرگرمیوں میں ملوث وزرا اور معاونین کو ہٹانے کی سفارش کی تھی۔نگراں وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل نے 19 ارکان اسمبلی کے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ نگراں کابینہ کے دیگر 8 ممبران بھی جلد وزیر اعلی کو اپنے استعفے جمع کرائیں گے۔۔