صدر ،وزیراعظم اور وفاقی وزیرداخلہ کا دہشتگردوں کیخلاف کامیاب کارروائیوں پر فورسز کو خراج تحسین

اسلام آباد (صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف آپریشنز کے دوران 8 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع ٹانک اور خیبر میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو سراہا اور دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے قومی عزم کا اظہار کیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ  دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے  کہا کہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے، قوم کو سکیورٹی فورسز کے نڈر نوجوانوں پر فخر ہے، حکومت اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل سد باب کے لئے متحرک ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اس حوالے سے کہا کہ 8  دہشتگردوں کو ہلاک کرکے سکیورٹی فورسز نے بڑی کامیابی حاصل کی، خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ 8 دہشتگردوں کو  ہلاک  کرنے پر پوری قوم سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے ، قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے، قوم کی حمایت سے دہشتگردوں کا مکمل خاتمہ کریں گے۔