پاکستان بزنس فورم کے زیر اہتمام اٹھارہ اور انیس جنوری کو ایکسپو سینٹر کراچی میں دوسری میرا برانڈ پاکستان نمائش ہورہی ہے، سہیل عزیز

کراچی(صباح نیوز) پاکستان بزنس فورم کے صدر سہیل عزیز نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان بزنس فورم کے زیر اہتمام اٹھارہ اور انیس جنوری کو ایکسپو سینٹر کراچی میں دوسری میرا برانڈ پاکستان نمائش ہورہی ہے، جس میں ساڑھے تین سو سے زیادہ کمپنیاں اور ادارے شریک ہورہے ہیں،اس نمائش کی تمام آمدنی متاثرین غزہ کو بھیجی جائے گی،

وہ کراچی پریس کلب میں بزنس فورم کراچی کے عہدیداروں جنرل سیکرٹری عامر رفیع سینئر نائب صدر میجر( ر)   عبدالواحد غوری  اور میڈیا کوآرڈینیٹر بلال گوہر کے ساتھ کالم نگاروں اور معروف صحافیوں اور صحافی خواتین سے گفتگو کررہے تھے ،اس موقع پر کراچی پریس کلب کے سیکریٹری  سہیل افضل ، خازن عمران ایوب اور دیگر صحافی بھی موجود تھے ،

سہیل عزیز نے بتایا کہ ہم بائیکاٹ کے ساتھ میرا برانڈ   کو مضبوط بنانے پر زور دے رہے ہیں ،انہوں نے بتایا کہ پاکستانی مصنوعات بنانے والوں کو موقع دینا ہوگا ہمارا ان سے بھی مطالبہ ہوتا ہے کہ اپنی مصنوعات کا معیار بلند کریں قیمتوں کو عام صارف کی پہنچ میں لائیں اور مال کی مارکیٹ میں دستیابی کو یقینی بنائیں،

 انہوں نے کالم نویسوں اور صحافیوں سے میرا برانڈ پاکستان نمائش کو قومی جذبے کے ساتھ  اجاگر کرنے کی درخواست کی، اور کہا کہ ہمارا مقصد غزہ کے مسلمانوں کی مدد بھی ہے اسی لئیے ہم نے اپنا سلوگن ” نفع دونوں جہانوں کا ” رکھا ہے، کالم نگاروں نے اس موقع پر مختلف سوالات کیئے جن کے جواب میں سہیل عزیز اورعامر رفیع نے بتایا کہ مقامی براند کی تشہیر اور فروخت کو فروغ دینے کے لیے ہم آن لائن میرا برانڈ پورٹل پر بھی کام کررہے ہیں، جس کے بعد تشہیر اور فروخت آسان ہوجائے گی ۔

اس موقع پر کراچی پریس کلب کے سکریٹری سہیل افضل نے کہا کہ بزنس فورم کی جانب سے میرا برانڈ پاکستان کا انعقاد بڑا خوش ائند عمل ہے اور ہمیں بائیکاٹ کے  منفی عمل  کے بجائے قومی مصنوعات کے فروغ کے مثبت انداز کو اپنانا چاہئیے،جب اپنی چیز کا شعور پختہ ہوگا تو پاکستانی تاجروں کو بھی اعتماد ملے گا اور قومی مصنوعات کوبھی فروغ ملے گا ،انہوں نے بزنس فورم کو ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا ۔ بزنس فورم کے جنرل سیکریٹری عامر رفیع نے  پریس کلب کے سیکریٹری سہیل افضل کو صحافیوں کے لئیے فیملی پاسز بھی پیش کئے