منشیات برآمدگی کیس،ماڈل ٹریزا بری


لاہور (صباح نیوز) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر پر مشتمل دو رکنی بینچ نے منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار ماڈل ٹریزا کو بری کر دیا۔ ٹرائل کورٹ نے ماڈل ٹریزا کو ساڑھے آٹھ سال قید کی سزا سنائی تھی۔

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں بینچ نے ماڈل ٹریزا کی اپیل منظور کرتے ہوئے انہیں بری کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ ماڈل ٹریزا کے وکیل سینئر قانون دان فیصل ملوک نے موقف اختیار کیا کہ ماڈل ٹریزا کو حقائق کے برعکس گرفتار کیا گیا اور گرفتاری کے وقت قانونی طریقہ کار کو بھی نظرانداز کیا گیا جبکہ ٹرائل کورٹ نے حقائق کے برعکس سزا سناتے ہوئے ماڈل ٹریزا کو ساڑھے آٹھ سال قید کی سزا سنائی جو کہ غیرقانونی اقدام ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے یہ نقطہ اٹھایا کہ عدالت ماڈل ٹریزا کو بری کرنے کے احکامات جاری کرے کیونکہ ٹرائل کورٹ نے مقدمہ کا حقائق کے برعکس فیصلہ سنایا اور سال 2018 سے ہی ماڈل ٹریزا جیل میں ہیں۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ماڈل ٹریزا کی سزا کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کرنے کے احکامات جاری کر دیتے۔

واضح رہے کہ 2018 میں ماڈل ٹریزا کو کسٹم حکام نے ایئرپورٹ سے گرفتار کیا تھا جس کے بعد لاہور کی سیشن عدالت نے 2019 میں ماڈل ٹریزا کو ساڑھے آٹھ سال قید کی سزا سنائی تھی۔